انسانی سمگلنگ کےخلاف پاکستان کے اقدامات مثالی ہیں، یورپی یونین

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)یورپی یونین کمشنر نے غیر قانونی طریقوں سے یورپ جانے کی روک تھام کیلئے پاکستان کی کوششوں کومثالی قراردےدیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی ،یورپی یونین کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ،غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسانی سمگلنگ کےخلاف اقدامات اور باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یورپین کمشنر میگنس برنر نے ایک سال میں پاکستان سے یورپ کےلئے غیر قانونی راستوں (ڈنکی) کے ذریعے جانے کی کوششوں میں 47 فیصد کمی کے اقدامات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہاجلد پاکستان کا دورہ کروں گا تاکہ غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کےلئے کی کاوشوں کو سراہا جا سکے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر براہ راست مشاورت کی جا سکے۔

محسن نقوی نے کہا رواں سال کے دوران1770انسانی سمگلرز ،ایجنٹس کو گرفتارکرناغیر قانونی امیگریشن کےخلاف زیرو ٹالرنس موقف کا واضح ثبوت ہے،ملاقات میں معلومات کے تبادلے سمیت تمام ممکنہ تعاون بڑھانے پراتفاق ،مستقبل میں ملکر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔