انڈونیشیا کے صدر کاپرتپاک استقبال،پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں کی سلامی


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)انڈونیشیا کے صدر کا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال،پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے سلامی دی۔

اسلام آباد پہنچنے پر صدر آصف زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو ،اعلیٰ سطح کے وفد کا استقبال کیا،21توپوں کی سلامی دی گئی،قبل ازیںطیارہ ملکی حدود میں داخل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے 6 جے ایف 17 جنگی طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر کا شاندار استقبال کیا ،فضائی سلامی دی،پاک فضائیہ کے طیاروں نے طیارے کوحصار میں لےکر منفرد انداز میں خوش آمدید کیا۔

پرتپاک ،منفرد استقبال پر انڈونیشیا کے صدر نے پاک فضائیہ ، پاکستانی قیادت اورعوام کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر پرابووو سوبیانتو وزیراعظم کےساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات ،صدر آصف زرداری، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے،دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ ،علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر جامع تبادلہ خیال کریں گے،دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا انڈونیشیا کے صدر کا استقبال کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے،پاکستان ،انڈونیشیا باہمی احترام ،یکجہتی پر مبنی دوستی، مشترکہ تاریخ و گہری ثقافتی قربت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ،بامعنی روابط ،ملاقاتوں کے منتظر ہیں ،دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے۔