سازشی سیاست دفن،شاندار کارکردگی پر اگلا الیکشن بھی جیتیں گے،شہبازشریف


گوجرانوالہ،لاہور: (بیورورپورٹ،خبر نگار)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے نواز شریف کی تعمیراتی سیاست نے نعرے بازی ،سیاسی شعبدے بازی کو دفن کردیا،ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ،شاندار کارکردگی پر اگلا الیکشن بھی جیتیں گے،مریم نوازپنجاب میں ترقی کے نئے باب رقم کر رہی ہیں ،ماس ٹرانزٹ سسٹم سے گوجرانوالہ کے عوام کی تقدیر بدلے گی،ملک ترقی و استحکام کی جانب گامزن ، آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس سروس کاسنگ بنیاد رکھنے کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار،وفاقی وزرا،مقامی سیاسی و سماجی رہنماﺅں سمیت شہریوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

شہبازشریف نے کہا پنجاب میں عوامی خدمت و ترقی کا سفر 1985 میں میرے قائدو بڑے بھائی نواز شریف کی قیادت میں شروع ہوا ،قائد ن لیگ کے3سالہ دور میں تعمیری سیاست نے سازشی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کےلئے دفن کر دیا پھرقوم نے دیکھا پورے صوبہ میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے ،ہسپتال، سکول، کالجز ،یونیورسٹیاں ،دوسرے عوامی منصوبوں کی بنیاد رکھی گئی ،وزیر اعلیٰ مریم نواز اسی ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے، خراج تحسین ،مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا ن لیگ کی سیاست عوامی خدمت ،ترقیاتی منصبوں کی جیتی جاگتی تصویر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس سروس منصوبے کا جو تحفہ دیااس سے پورے ضلع کی تقدیر بدلے گی ، دور دراز علاقوں سے آنے والوں،طلبہ ،مزدور طبقے ،ملازمین سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کوجدید و شاندار سفری سہولیات میسر آئیں گی ،نواز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پھر بطور وزیراعظم جو کار ہائے نمایاں انجام دیئے تاریخ ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی ،نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے ،ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر کراچی سے لےکر پشاور تک ہر درد دل رکھنے والے پاکستانی کے دل میں جگہ بنائی اور ثابت کیا عظیم قائد ہیں۔

شہبازشریف نے کہا معرکہ حق میں شاندار کامیابی بھی ایٹمی قوت ہونے کے بل بوتے پر ملی اگر پاکستان 1998 میں ایٹمی دھماکے نہ کرتا تو حالات بہت مختلف ہوتے،قائد ن لیگ کے خواب کی تعمیر ،منصوبوں کی تکمیل کےلئے پنجاب کی بیٹی مریم نواز دن رات کوشاں ہیں ،صوبے میں کینسر ہسپتال ، گوجرانوالہ میٹرو منصوبہ ، فیصل آباد میٹرو منصوبہ، ستھرا پنجاب منصوبہ ، صحت کے میگا پراجیکٹس ،ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے شاندار منصوبے ،جرائم کے خاتمے کےلئے سیف سٹی منصوبہ،سستے گھروں کی تعمیر ،پولیس کا نیا نظام،راشن کار ڈ منصوبہ،سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین کی بحالی ودیگر شہروں میں ترقیاتی منصوبے انتہائی لائق ستائش ہیں، میں سمجھتا ہوں اس سے بہتر قومی خدمت کی کوئی اور مثال نہیں ہو سکتی ،مریم نواز ،ٹیم کو پوری شاباش ملنی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہاعوامی خدمت کی بدولت ہی حالیہ انتخابات میں شاندار کامیابی ملی ،عوامی خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا ،مجھے یقین ہے شاندار کارکردگی کی بدولت 3سال بعد قائد نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے اور ملک کو معاشی قوت بنائیں گے ۔