عمران کی شناخت ملک دشمنی، رویہ شائستگی کے منافی ہے،خواجہ آصف

سیالکوٹ: (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے عمران خان کی شناخت ملک دشمنی،بھارت سے جنگ کے دوران بھی غلط زبان استعمال کرتے رہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے محتاط زبان کااستعمال کیا، اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتا ہوں،پی ٹی آئی کا رویہ سیاسی شائستگی کے منافی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا پی ٹی آئی قیادت وبیرون ملک بیٹھے عناصر نامناسب زبان استعمال کرتے ہوئے افواج ، شہداکی قربانیوں کو نظرانداز کر رہے ہیں،پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کا طرز گفتگو یکساں طور پر غیر شائستہ ہے اگرچہ دعویٰ کرتے ہیں پی ٹی آئی کےساتھ نہیں مگر عملی طور پر دونوں ایک ہی بیانیہ ، نامناسب زبان کو فروغ دیتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا ردعمل آنا فطری بات ،پی ٹی آئی والے اقتدار میں بھی یہی حرکتیں کرتے رہے ،لیڈر دوسروں کی تضحیک کےلئے دوپٹہ پہن کر نقلیں اتارتا تھا،مجھے پی ٹی آئی کا کوئی رہنما کبھی کسی شہید کے جنازے میں نظر نہیں آیا،کے پی میں سب سے زیادہ شہادتیں ہو رہی ہیں، مسلح افواج کے جوان خواہ پنجابی ، پشتون، بلوچ، سندھی، گلگت یا بلتستان سے ہوں سب وطن عزیز کےلئے جانیں قربان کر رہے ہیں مگر پی ٹی آئی کی قیادت قربانیوں کا اعتراف تک نہیں کرتی۔