خطرات سے نمٹنے کےلئے این ڈی ایم اے ،اقوام متحدہ ایجنسیز کی فرضی مشقیں
اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ممکنہ آفات و خطرات سے نمٹنے کےلئے این ڈی ایم اے اور اقوام متحدہ ایجنسیز کی مشترکہ فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔
این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں 2 روزہ فرضی مشقیں 3 تا 4 دسمبر تک جاری رہیں،مقصد قومی سطح پر آفات سے نمٹنے کےلئے متعلقہ اداروں کے صلاحیتی دائرہ کار کو مزید فعال و متحرک کرنا تھا،مشقوں میں اقوام متحدہ، ایف سی ڈی اوو دیگر فلاحی اداروں کا بھر پور تعاون شامل رہا، مشقوں میں وفاقی وزارتوں، صوبائی محکموں ،ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے 130 سے زائد نمائندگان نے شرکت کی۔
6 مختلف گروپس نے زلزلہ، مون سون سیلاب، جھیلیں پھٹنے کے باعث سیلاب و شدید سردی کے منظرناموں پر عملی مشق کی، مشقوں کے دوران معلومات کے تبادلہ، فیصلہ سازی، ادارہ جاتی تعاون ،وسائل کے موثر استعمال کا لائحہ عمل دہرایا گیا،مشقوں کے ذریعے وفاقی، صوبائی و دیگر ذیلی اداروں کے درمیان رابطے ،ہم آہنگی میں مزید بہتری آئے گی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا آفات سے نمٹنے و خطرات کے تدارک کےلئے ضروری اقدامات جاری رکھےں گے،تمام معاون اداروں بشمول اقوام متحدہ، ایف سی ڈی او اور شرکا کے بھر پور تعاون کو سراہتے ہیں۔

















