لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب میں نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ کے بعد لائسنس کے اجرا ءمیں بھی ریکارڈ اضافہ ہو اہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں لائسنسنگ سہولیات تیزی سے جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 68 ہزار شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا،ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا ءمیں 350 فیصد ریکارڈ اضافہ ریکارڈکیا گیا،82 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ ،24 ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، 61 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروائی۔ ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق ٹریفک قوانین پر سختی سے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا ءمیں اضافہ ہوا ہے،لائسنس سینٹرز پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد لائسنس بنوانے کیلئے موجود ہے،شہری لمبی لمبی قطاروں اور انتظار سے بچنے کیلئے آن لائن لائسنسنگ پورٹل کا استعمال کریں،میرٹ اور شفافیت کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کا سلسلہ صوبہ بھر میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے خدمت مراکز لائسنسنگ سینٹر آن لائن لائسنسنگ پورٹل سے فائدہ اٹھائیں۔دوسری طرف پنجاب میں آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سسٹم اچانک کریش کرگیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔سسٹم میں خرابی کے بعد نہ تو نئے لائسنس کیلئے درخواست دی جا سکی اور نہ ہی موجودہ لائسنس کی تجدید ممکن رہی جس سے ہزاروں صارفین متاثر ہوئے۔ڈیجیٹل لائسنس مینجمنٹ سسٹم اچانک بند ہونے سے پورا پورٹل غیر فعال ہوگیا۔ صارفین کی جانب سے شکایات سامنے آئیں کہ نہ تو ای لائسنس ڈاﺅن لوڈ ہو رہا ہے اور نہ ہی آن لائن ایپلی کیشن ٹریکنگ کی سہولت دستیاب ہے۔اس تعطل نے خاص طور پر ان صارفین کو سب سے زیادہ متاثر کیا جنہیں فوری بنیادوں پر لائسنس درکار تھا، نئے ڈرائیور جو ٹیسٹ کی تیاری کر رہے تھے اور وہ شہری جن کے لائسنس کی میعاد ختم ہونے والی تھی۔بتایا گیاہے کہ متعلقہ ٹیم کی جانب سے فوری کاوشوں کا آغاز کیا گیا چند گھنٹوں کی بندش کے بعد سسٹم دوبارہ بحال کردیا گیا اور صارفین کو تمام خدمات تک رسائی پھر سے مل گئی جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں 16سال کے بچوں کو سمارٹ کارڈ اورموٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا ءکا فیصلہ کرلیا گیا۔حکومت پنجاب کے سوشل میڈیا پیج پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ 16 سال کے بچوں کو سمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا ءکا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے، پوسٹ میں آگاہی فراہم دیتے ہوئے کہا گیاکہ ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں وارننگ چالان ہوگا۔سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹریفک کےلئے پہلی مرتبہ ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال شروع کیا گیا ہے، والدین سے درخواست ہے کہ بچوں کو روڈ سیفٹی کیلئے ہیلمٹ کی اہمیت اور ضروت سے آگاہ کریں۔اس کے علاوہ پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک پولیس کو عوام کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھنے اور بداخلاقی یا بدتمیزی نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس اجرا ءمیں 350 فیصد ریکارڈ اضافہ ، آن لائن سسٹم اچانک کریش
















