کرپشن رپورٹ،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر سینٹ کمیٹی برہم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سینٹ کمیٹی کا آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ پر اظہار تشویش،ذمہ داروں کےخلاف کیا کارروائی ہوئی؟،متعلقہ اداروں پر سخت سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں اراکین نے مختلف شعبوں میں سامنے آنےوالے بڑے کرپشن سکینڈلز پر شدید برہمی کا اظہار کیا،سینیٹر دلاور خان نے انکشاف کیا آئی ایم ایف نے 5300 ارب کرپشن کی نشاندہی کردی،کیا ذمہ دار اداروںکیخلاف کوئی کارروائی کی جائےگی؟ لاہور میں ایف بی آر افسر نے مبینہ طور پر ریفنڈز میں کرپشن کےلئے ایک ممبر سے حصہ مانگا اور حصہ نہ ملنے پر فائرنگ کی،چیئرمین کمیٹی و دیگر اراکین نے انکشاف پر حیرت کا اظہار کیا، کمیٹی نے فیصلہ کیا ایف بی آر کے کیس کو آئندہ اجلاس میں تفصیل سے زیر بحث لایا جائے گا۔

وزارت خزانہ نے موقف اختیار کیا رپورٹ میں زیادہ تر نکات وہی ہیں جن پر حکومت پہلے ہی کام کر چکی ،رپورٹ آئی ایم ایف کے تعاون سے تیار ہوئی ،موثر گورننس کےلئے ایکشن پلان پر عملدرآمد ضروری ہے ،6 سے 10 ماہ کے اندر مکمل کرنا ہوگا جبکہ زیادہ سے زیادہ مدت ڈیڑھ سال ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے حکومت سے پوچھا کیا رپورٹ میں درج بے ضابطگیوں اور ادارہ جاتی خرابیاں تسلیم کرتی ہے کیونکہ الزامات نہایت سنجیدہ نوعیت کے ہیں،وزارت خزانہ نے واضح کیا ڈائیگناسٹک رپورٹ مسائل کی نشاندہی کرتی ،حکومت پہلے ہی متعدد شعبوں میں اصلاحات پر کام کر رہی ہے ،آئی ایم ایف کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

دریں اثنا قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں نوید قمر نے کہا آئی ایم ایف کی رپورٹ صرف حکومت کیخلاف فرد جرم نہیں ،پارلیمنٹ بھی شامل ہے،کمیٹی ماہرین کو بلا کر علیحدہ سے بریفنگ لے گی،وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا رپورٹ کو کسی کے خلاف نہ سمجھا جائے، تشخیصی رپورٹ حکومت کی درخواست پر تیار کی گئی،لائحہ عمل 31 دسمبر سے پہلے بنا لیا جائے گا۔