پارٹی پالیسی سے انحراف پرسینیٹرسیف ابڑو کو شوکاز نوٹس


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے 27ویں ترمیم میں پارٹی پالیسی سے انحراف پر سینیٹر سیف ابڑو کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا،شوکاز نوٹس کی کاپی چیئرمین سینٹ سیکرٹریٹ میں بھی جمع کرا دی گئی۔

شوکاز نوٹس کے متن میں کہا گیا سینیٹر سیف ابڑو نے 10 اور 15 نومبر کو پارٹی ہدایت کےخلاف ووٹ دیا جبکہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے 27ویں ترمیم کی مخالفت کا واضح فیصلہ کیا تھا اور تمام سینیٹرز کو تحریری طور پر ترمیم کےخلاف ووٹ دینے کی ہدایت جاری کی گئی ،ریکارڈ کے مطابق ہدایات سینیٹر تک باضابطہ طور پر پہنچائی گئیں، سینیٹر سیف ابڑو کی جانب سے خلاف ورزی دانستہ اور ارادی اقدام ہے۔

نوٹس کے مطابق سیف ابڑو پر خلاف ورزی پر آئین کا آرٹیکل 63 اے (1) (ب) لاگو ہوتا ، آرٹیکل 63 اے کے تحت پارٹی ہدایت کے خلاف ووٹ دینے والا رکن منحرف تصور ہو سکتا ہے، سپریم کورٹ کی تشریح کے مطابق پارٹی کی ہدایت لازمی و پابند عمل ہے،سیف ابڑو 7روز کے اندر تحریری وضاحت دیںورنہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی تصور ہوگی، سیف ابڑو کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جا سکتا ،نااہلی کےلئے ریفرنس ارسال کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے،شوکاز نوٹس سینیٹر سید علی ظفر کی جانب سے جاری کیا گیا۔