آبادی میں ہر سال نیوزی لینڈ کے برابر اضافہ،ہر طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا،عطا تارڑ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے آبادی میں ہر سال نیوزی لینڈ کے برابر اضافہ،چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہر طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا،عوامی آگاہی پھیلانا ناگزیر ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا تیزی سے بڑھتی آبادی کے باعث صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کو بڑے چیلنجز کا سامنا جبکہ آبادی کے دباونے ملکی وسائل پر بھی واضح بوجھ ڈال دیا ہے، آگاہی کے فقدان کے باعث آبادی کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا جس سے ترقی کی رفتار بھی متاثر ہو رہی ہے، بڑھتی آبادی نہ صرف معیشت بلکہ بنیادی سہولیات کے نظام پر بھی بھاری بوجھ بن رہی ہے جبکہ معاشرے کے ہر طبقے کو مسئلے کے حل کےلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا ملک میں ترقی کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے متوازن آبادی ضروری ہے اور آبادی کے چیلنج سے مو ثر انداز میں نمٹنے کےلئے ورکنگ گروپ تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، بچوں میں اموات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے، یونیسف کے اعداد و شمار کے مطابق 1000 میں سے 50 بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، نوزائیدہ بچوں، زچہ و بچہ کی دیکھ بھال یا تولیدی صحت کے تناظر میں دیکھا جائے تومتعدد قیمتی جانیں کھو دیتے ہیں، معاشرے میں اکثر بچوں کی ماوں کے مسائل ثانوی حیثیت اختیار کرلیتے ہیں اور آگاہی کے فقدان کے باعث انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے،وزیر اطلاعات نے مزید کہا علما کرام، میڈیا، حکومت، قانون دان اور صحافی سب کو آگاہی پھیلانے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔