مریم نوازنے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کوگرفتار کرنے سے روکدیا

لاہور: (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کوگرفتار کرنے سے روک دیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر سخت برہمی کا اظہارکیا۔

مریم نواز کی زیرصدارت ٹریفک کے مسائل اور قوانین کی خلاف ورزی کے سدباب کےلئے اجلاس میں 16سال کے بچوں کو سمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکا اصولی فیصلہ، صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کو عوام بالخصوص طلبہ کےلئے ہفتہ آگاہی منانے پر بھی اتفاق کیا گیا، ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں وارننگ چالان ہوگا، ٹریفک کےلئے پہلی مرتبہ ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال شروع کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کم عمر طلبہ یا بچوں سے زیادہ والدین کو ٹریفک قوانین سے متعلق بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کےلئے بنائے جاتے ہیں، عوام کو اپنی حفاظت کےلئے عادتوں کو بدلنا ہوگا، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے،معصوم بچوں کو نہیں پکڑنا چاہتے مگرقانون کی پاسداری ضروری ہے، بچوں کا قصور نہیں ،ہیلمٹ پہننے کی عادت ہی نہیں ڈالی، والدین بچوں کو روڈسیفٹی کےلئے ہیلمٹ کی اہمیت اور ضرورت سے آگاہ کریں،ٹریفک پولیس عوام کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھے، بداخلاقی اور بدتمیزی نہ کی جائے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت پاکستان کی تاریخ کے پہلے سرکاری آٹزم سکول میں داخلے کا آغاز کر دیا گیا ، مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر آف آٹزم میں بچوں داخلے شروع ہوچکے،، آٹسٹک بچوں کے والدین کےلئے آن لائن رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے، آٹسٹک بچوں کے والدین autism.punjab.gov.pkپر رجسٹریشن فارم جمع کرا سکتے ہیں، مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر آف آٹزم میں 3 سے 5 سال کے آٹسٹک بچوں کےلئے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سیکشن قائم کیا گیا، 6 سے 12 سال کے بچے جونیئر اور 13 سے 16 سال کے بچے سینئر سیکشن میں پڑھیں گے، مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر آف آٹزم میں داخلہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10 دسمبر مقرر کردی گئی ۔

علاوہ ازیں مریم نواز نے پنجاب کے عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے بھائی بہنو اور بصیرت افروز قیادت کو قومی دن مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا شیخ محمد بن زاید النہیان وہ رہنما ہیں جنہوں نے ویژن کو حقیقت اور حقیقت کو کامیابی میں بدل کر قیادت کا نیا عالمی معیار قائم کیا، متحدہ عرب امارات نے ثابت کیا مستقبل انتظار نہیں کرتا اسے تخلیق کیا جاتا ہے، متحدہ عرب امارات کی خوشی آج ہماری بھی خوشی ہے کیونکہ بھائی کی مسرت، دل کی مسرت ہے،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تعلق ایک ایسی اخوت ہے جو سرحدوں کے پیمانے سے ماورا ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز نے بنوں میں دہشتگردوں کے پولیس سکواڈ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افرادکے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ۔