اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ایڈز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں پاکستان کے اس مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی صحت کو درپیش بڑے خطرات خصوصاً ایڈز کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور بیماری سے تحفظ کی سہولیات ہر شہری تک پہنچائی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال عالمی دن رکاوٹوں کو عبور کرنا اور ایڈز کی طرف برتاو کو تبدیل کرنا کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، جو اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ مشکلات، بیماریوں اور سماجی عدم مساوات کے باوجود صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کی وبا نہ صرف دنیا بھر کے نظامِ صحت کی آزمائش کر رہی ہے بلکہ یہ اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے، علاج تک رسائی، جدید سہولیات کا استعمال اور سماجی تعاون میں اضافہ ہی اس بیماری کے خلاف موثر ردعمل پیدا کرسکتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نظام صحت کو موثر بنانے کے ساتھ ساتھ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی آواز سننے اور ان کی ضروریات کو ترجیح دینے کیلئے پرعزم ہے، صحت کا تحفظ ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت کمزور طبقات تک بیماری کی روک تھام، تشخیص، علاج اور نگہداشت کی مساوی سہولیات پہنچانے کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس بیماری کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے معاشرے میں ایڈز سے وابستہ بدنامی اور امتیازی سلوک کے خاتمے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کیا کہ ایڈز کے خاتمے کیلئے خطرے سے دوچار طبقات تک علاج کی رسائی، صنفی امتیاز کا خاتمہ، ماں سے بچے میں وائرس کی منتقلی کی روک تھام، مریضوں تک محفوظ خون کی فراہمی اور منشیات استعمال کرنے والے افراد میں پھیلاو¿ میں کمی وہ اقدامات ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اجتماعی قومی عزم، ادارہ جاتی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کے ذریعے ہی پاکستان موجودہ رکاوٹوں پر قابو پاکر ایڈز کے خاتمے کی جانب تیز پیشرفت کر سکتا ہے، انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ایڈز کے عالمی دن پر تجدید عہد کریں کہ کوئی بھی سماجی یا انتظامی رکاوٹ اس جدوجہد کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
ایڈز سے بچاو کا عالمی دن، صحت کی سہولیات ہر شہری تک پہنچائیں گے: وزیراعظم

















