پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)خیبر پی کے میں گورنر راج لگانے کی تیاریاں،6ناموں پر غورشروع،فیصل کریم کنڈی نے لاعلمی کااظہار کردیا۔
ذرائع کے مطابق نئے گورنر کےلئے 3سیاسی شخصیات اور3سابق فوجی افسروں کے نام سامنے آگئے،پہلی کوشش ہے صوبہ موجودہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے حوالے کردیا جائے،نام پر اتفاق نہیں ہوتا تو پھر قرعہ 3سیاستدانوں امیر حیدر ہوتی، پرویز خٹک ، آفتاب شیرپاو میں سے کسی ایک کے نام نکل سکتاہے۔
تینوں سیاستدانوں کے ناموں پر بھی اتفاق رائے طے نہ پایا تو پھر سابق فوجی افسروں کو گورنر خیبرپختونخوا کی ذمہ داریاں دی جاسکتی ہیں،نئے گورنر کےلئے سابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کے نام شامل ہیں۔
ادھر فیصل کریم کنڈی نے کہا تبدیل کیے جانے کا کچھ علم نہیں اگر میڈیا ہی گورنر لگائے گا تو پھر اللہ حافظ ہے،پارٹی کافیصلہ قبول ہوگا،گورنر راج کی باتیں میڈیا کے ذریعے ہی سن رہا ہوں، صوبے کی ذمہ داری صوبائی حکومت کے پاس ہے، امن وامان سمیت کئی مسائل ہیں،میں سمجھتا ہوںصوبے کے حالات احتجاجوں کی اجازت نہیں دیتے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا آئین میں گورنر راج کی شق موجود ہے مگر میرے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوئی،ابھی تک میں کہتا ہوں فی الحال گورنر راج کی کوئی بات ہی نہیں ۔
وزیر مملکت قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا دہشتگردی و سرحدی صورتحال کے باعث خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے پر غور کیا جارہا ہے،صوبے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، خیبر پختونخوا میں ایسا انتظامی ڈھانچہ ہو جو کچھ فائدہ تو دے،کب تک کے صوبے کے شہریوں کو بے یار ومددگار چھوڑیں گے،گورنر راج شدید ضرورت کی صورت میں لگایا جاتا ہے، صوبے کے حالات تقاضا کررہے ہیں، ماضی میں پنجاب میں بھی گورنر راج لگانے کا تجربہ کیا جاچکا ۔
کے پی میں گورنر راج کی تیاریاں،کب تک شہریوں کو بے یار ومددگار چھوڑیں گے،وزیر مملکت



















