افغان رجیم پوری دنیا کیلئے خطرہ،کسی بھی جارحیت کا جواب سخت و شدید ہوگا:ترجمان پاک فوج


راولپنڈی: (بیورورپورٹ)ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے افغان رجیم پوری دنیا کیلئے خطرہ،کابل میں دہشتگردی کے مراکز،طالبان سہولت کاری بند کریں،رواں سال 67023انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں1873دہشتگرد وں کو جہنم واصل کیا، 136افغان باشندے بھی شامل ہیں،تجارت کی بندش کا مسئلہ سکیورٹی ،عوامی جان و مال کے تحفظ سے جڑا ہے،خونریزی ،تجارت اکٹھے نہیں چل سکتے،بھارتی آرمی چیف کا آپریشن سندور کو ٹریلر کہنا خود فریبی ہے، 7 جہازوں کی تباہی، اسلحہ ڈپو، دفاعی نظام ایس 400کا خاتمہ ڈراونی فلم بن گیا،کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت و شدید ہوگا،بیرون ملک سے آپریٹ ہونےوالے سوشل میڈیا اکاونٹس پاکستان کیخلاف بیانیہ بنانے میں مصروف ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے دہشتگردی کا حل نیشنل ایکشن پلان میں ہے،سمگلڈ ڈیزل کی رقم بی ایل اے اور بی وائے سی کو جاتی ہے۔

سینئر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا 4 نومبر 2025سے اب تک دہشتگردی کےخلاف 4910انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرکے206دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا،رواں سال ملک بھر میں 67023 آپریشنز میں1873دہشتگرد وں کومنطقی انجام تک پہنچایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاک افغان بارڈر انتہائی مشکل ،دشوار گزار راستوں پر مشتمل ،خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد 1229 کلومیٹر پر محیط ،20کراسنگ پوائنٹس ہیں، پاک افغان بارڈر پر پوسٹوں کا فاصلہ 20سے 25کلومیٹر تک بھی ہے،بارڈر فینس تب تک موثر نہیں ہوسکتی جب تک مضبوط آبزرویشن ، فائر سے کور نہ ہو، 2سے 5 کلومیٹر کے بعد قلعہ بنائیں ،ڈرون سرویلنس کریں تو کثیر وسائل درکار ہوں گے،پنجاب ،سندھ کے برعکس خیبر پختونخوا میں بارڈر کے دونوں اطراف منقسم گاوں ہیں ایسی صورتحال میں آمد و رفت کو کنٹرول کرناچیلنج ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا دنیا میں بارڈر مینجمنٹ ہمیشہ دونوں ممالک ملکر کرتے مگر افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی کےلئے طالبان مکمل سہولت کاری کرتے ہیں،افغان بارڈر سے متصل علاقے دیکھیں بمشکل موثر انتظامی ڈھانچہ گورننس کے مسائل میں اضافے کا باعث ہے، بارڈر ایریاز میں انتہائی مضبوط پولیٹیکل ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ ہے، سہولت کاری فتنہ الخوارج کرتے ہیں، سرحد پار سے دہشتگردوں کی تشکیلیں ،سمگلنگ، تجارت ہو تو اندرون ملک روکنا کس کی ذمے داری ہے؟۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا لاکھوں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں آپ کے صوبے میں گھوم رہی ہیں تو کس نے روکنا ہے؟ نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پولیٹیکل ٹیرر کرائم نیکسز کا حصہ اورخودکش حملوں میں استعمال ہوتی ہیں، افغانستان کےساتھ دوحہ معاہدے پر پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے،طالبان رجیم دہشتگردوں کی سہولت کاری بند کریں،افغانستان میں دہشتگردی کے مراکز ،القاعدہ، داعش اور دہشت گرد تنظیموں کی قیادت موجود ہے، افغانستان سے اسلحہ و فنڈنگ بھی ملتی جو پاکستان کےخلاف استعمال ہوتی ہے، افغانستان کے سامنے تمام ثبوت رکھے ، نظرانداز نہیں کرسکتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا افغان طالبان رجیم سے مطالبہ ہے قابل تصدیق میکانزم کے تحت معاہدہ کریں اگر قابل تصدیق میکنزم تھرڈ پارٹی نے رکھنا ہے تو پاکستان کو اعتراض نہیں ہوگا، مو قف کی مکمل آگاہی ثالث ممالک کو بھی ہے،طالبان رجیم کا دعویٰ فتنہ الخوارج ہجرت کر کے آئے اورمہمان ہیں غیر منطقی ہے اگر پاکستانی شہری ہیں تو حوالے کریں، اپنے قانون کے مطابق ڈیل کریں گے، کیسے مہمان ہیں جو مسلح ہو کر پاکستان آتے ہیں؟۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا افغان رجیم نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور دنیا کےلئے خطرہ بن چکا ، افغانستان میں 2021 کے بعد ریاست و حکومت کا قیام ہونا تھا جو ممکن نہ ہوسکا، طالبان رجیم نے نان سٹیٹ ایکٹرز پال لیے، نان سٹیٹ ایکٹرز خطے کے مختلف ممالک کےلئے خطرہ ہیں،مطالبہ واضح ہے طالبان کا طرز عمل ایک ریاست کی طرح ہونا چاہیے، دوحہ مذاکرات میں افغان طالبان نے بین الاقوامی برادری سے اپنی سرزمین دہشتگردی کےلئے استعمال نہ ہونے کا وعدہ کیامگر اب تک عمل نہیں ہوا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا طالبان رجیم افغانیوں کا نمائندہ نہیں کیونکہ تمام قومیتوں کی نمائندگی نہیں کرتا، افغانستان کی 50 فیصد خواتین کی نمائندگی کا رجیم میں کوئی وجود نہیں، افغانیوں نہیں،مسئلہ طالبان رجیم کےساتھ ہے، پاکستان ،افغانستان کے مابین تجارت کی بندش کا مسئلہ سکیورٹی ،عوامی جان و مال کے تحفظ سے جڑا ہے،خونریزی ،تجارت اکٹھے نہیں چل سکتے، اچھے یا برے دہشتگرد میں کوئی تفریق نہیں، اچھا دہشتگرد وہی ہے جو جہنم واصل ہو چکا، ہمیشہ حق باطل پر غالب آتا ،حق پر ہیں اور حق ہمیشہ فتحیاب ہوتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے عمل کے تحت 2024 میں 366704 افراد کو واپس بھیجا جا چکا، 2025 میں 971604 کو افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجا، رواں ماہ یعنی نومبر کے دوران 239574 افراد کو واپس بھیجا گیا،بھارت میں خود فریبی کی سوچ رکھنے والی قیادت کی اجارہ داری ہے، انڈین آرمی چیف کابیان آپریشن سندور کے دوران ٹریلر دکھایا خود فریبی کی حامل سوچ کا عکاس ہے، ٹریلر میں7 جہاز گرے، 26 مقامات پر حملہ، ایس400 کی بیٹریاں تباہ ہوں تو ایسے ٹریلر پر مبنی فلم خودکےلئے ڈراو¿نا خواب ہے،سندور میں ہوئی شکست پر بار بار کے جھوٹے بھارتی بیانات عوامی غم وغصے کو تحلیل کرنے کےلئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کوئی بھی ملک اگر طالبان رجیم کو فوجی سازو سامان مہیا کرتا ہے تودہشتگردوں کے ہاتھ ہی لگے گا، ریاست پاکستان ،اداروں کےخلاف زہریلا بیانیہ بنانے والے سوشل میڈیا اکاونٹس بیرون ملک سے چلتے ہیں، پاکستان سے باہر بیٹھ کر سیاست و دیگر معاملات میں زہر ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے،بیرون ملک سے آپریٹ ہونےوالے سوشل میڈیا کے اکاونٹس لمحہ بہ لمحہ پاکستان کےخلاف بیانیہ بنانے میں مصروف ہیں، بات واضح پیچھے بیرونی ہاتھ ہیں، دہشتگردی پر تمام حکومتوں ، سیاسی جماعتوںکا اتفاق ہے حل نیشنل ایکشن پلان میں ہے، پلان کو عملی جامہ پہنانے کےلئے بلوچستان میں مربوط نظام وضع کیا گیا ،کے پی میں کمی نظر آتی ہے،نظام کے تحت ضلعی، ڈویژنل ،صوبائی سطح پر سٹیئرنگ، مانیٹرنگ اور ایمپیلیمنٹیشن کمیٹیاں بنائی گئیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ غیرقانونی سپیکٹرم کی بڑی وجوہات میں سے ایک ،مد میں حاصل ہونےوالی رقم دہشتگردی کے فروغ کےلئے استعمال کی جاتی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے باعث بلوچستان کے27 ضلعوں کو پولیس کے دائرہ اختیار میں لایا جاچکا ،صوبائی حکومت، سکیورٹی فورسز مقامی لوگوں سے مسلسل انگیجمنٹ کر رہے ہیں،حکومتی اقدامات کے بغیر دہشتگردی کو قابو نہیں کیا جا سکتا۔