اسلام آباد (مشرق نیوز) ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات ہمارے لئے باعث تشویش ہیں، اختلافات کے حل کیلئے ہر راستہ اختیار کریں گے، جب بھی پاکستان کہے گا تعاون کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی لاریجانی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات میں پاک، ایران سٹرٹیجک شراکت داری پر تفصیلی بات ہوئی ہے، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور ایران بھی اپنے باہمی حالات اور ضروریات کے مطابق ایک مخصوص اور جامع سٹرٹیجک فریم ورک طے کریں۔
علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان اورایران میں انٹیلی جنس شیئرنگ باہمی تعاون کا حصہ ہے، اگر کہا گیا تو پاکستان اور افغانستان کے درمیان مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن معاہدے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرچکا، اگر رکاوٹیں نہ ہوتیں تو آج پاکستانی گھرانے ایرانی گیس استعمال کر رہے ہوتے، امید ہے کہ گیس پائپ لائن کے معاملے کا جلد حل نکل آئےگا۔
علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ سے اچھے تعلقات کے باوجود ہماری حمایت کی، اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان کا غزہ میں کسی فورس میں شمولیت کا فیصلہ خود پاکستان پر منحصر ہے، بین الاقوامی امن فورس جیسے حل دیرپا نہیں ہوتے اور مزید مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ دونوں ممالک کیلئے مشترکہ چیلنج ہیں، خطے میں پائیدار امن کیلئے سرحد پار دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اور فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہے، داعش کو مغربی ممالک نے بنایا تھا، مختلف دہشت گرد گروپوں کو مختلف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی حمایت حاصل ہے۔
پاک، افغان اختلافات کے حل کیلئے ہر راستہ اختیار کریں گے: علی لاریجانی



















