پاک ،سعودیہ کرکٹ دوستی اور علاقائی ہم آہنگی کا مضبوط پل بنائیں گے،محسن نقوی


ریاض:(مشرق نیوز)وزیر دخلہ محسن نقوی نے کہا ہے سعودی قیادت کی سرپرستی میں مملکت نے بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کردی۔

محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے ملاقات کی،سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کی کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں میں شمولیت ،دونوں ممالک کے درمیان سپورٹس میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر د اخلہ نے ای ایف سی ایشین کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز 2029، ایشین گیمز 2034 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے حصول پر سعودی وزیر کھیل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل ویژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے کو غیر معمولی انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا سعودی عرب میں کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، مشترکہ ٹریننگ پروگرامز، باہمی دوروں ،جونیئر و یوتھ لیول ٹورنامنٹس کے ذریعے دونوں ممالک کے نوجوانوں کےلئے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں،پاکستان ،سعودی عرب کھیلوں خصوصاً کرکٹ کو دوستی اور علاقائی ہم آہنگی کا مضبوط پل بنائیں گے۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے رابطوں کو مزید تیز کریں گے اور عملی منصوبہ بندی کے ذریعے جلد مشترکہ اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مثبت مواقع فراہم کیے جا سکیں۔