اسلام آباد کچہری دھماکے کی افغانستان میں منصوبہ بندی ،ہوشربا انکشافات

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد کچہری دھماکے کی افغانستان میں منصوبہ بندی ،مرکزی نیٹ ورک بے نقاب، گرفتارہینڈلر نے ہوشربا انکشافات کردئیے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش دھماکے کاحکم دیا،بمبارنے ہائی ویلیو ٹارگٹ تک پہنچنے میں ناکامی پر مضافاتی علاقے میں پہلی دستیاب جگہ کو نشانہ بنایا، دہشتگردوں کا ہدف راولپنڈی ،اسلام آباد تھے،بروقت کارروائی سے بڑا جانی نقصان بچ گیا،حملے کے فوری بعد انٹیلی جنس بیورو ، کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر 4دہشتگردوں کو گرفتا ر کیا،شناخت ساجد عرف شینا، کامران خان، ذالی ،شاہ منیر کے ناموں سے ہوئی۔

عطا تارڑ نے کہا سکیورٹی ایجنسیاں، قانون نافذ کرنے والے ادارے ، پاک فوج پوری طرح الرٹ ہیں،تمام حقائق قوم کے سامنے رکھ دئیے،بڑی کامیابی ہے، دہشتگردی کے خاتمے میں بہت مدد ملے گی، شہریوں کی حفاظت کےلئے تمام تر اقدامات کریں گے،ساجد عرف شینا حملے کا مرکزی کردار و ہینڈلر اور بمبار،بارودی جیکٹ لےکر آیا، شینا نے 2015 میں کالعدم تحریک طالبان افغانستان میں شمولیت اختیار کرکے مختلف ٹریننگ کیمپس میں تربیت لی،2023 کوافغانستان میں موجود کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر داد سے ملاقات ہوئی، اگست 2025 میں دوبارہ افغانستان گیا ،دونوں میں رابطہ مخصوص ایپ کے ذریعے برقرار رہا۔

وزیر اطلاعات نے کہا ساجد افغانستان جا کر نہ صرف کمانڈر داد سے ملاقات ملا ،فتنہ الخوارج کے دہشتگرد عبداللہ جان عرف ابو حمزہ سے بھی رابطہ کیا،ساجد نے معاونت کےلئے ذالی ،کامران خان کو ہائر کیا، اگست 2025 میں افغانستان بھی گئے، پاکستان واپسی پر ساجد نے خودکش حملہ آور عثمان شنواری سے رابطہ کیا جو ننگر ہار افغانستان کا رہائشی ہے،خودکش جیکٹ و تمام ضروری مواد فراہم کرکے اسلام آباد کے جی11 سیکٹر میں خودکش حملے کےلئے استعمال کیا گیا، ملک بڑے سانحہ سے محفوظ رہا اور بروقت کارروائی نے دہشتگرد نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔

پریس کانفرنس میں سہولت کار کا اعترافی ویڈیو بیان بھی چلایا گیا،گرفتار دہشتگرد ساجد نے اعتراف جرم کیا2016میں کنڑ گیا، ایک ماہ ٹریننگ لی پھر پاکستان واپس آگیا، کمانڈر ابوحمزہ سے ملاقات ہوئی،کمانڈر ابوحمزہ کے پاس 2023میں دوبارہ گیا،کمانڈر تحریک طالبان دادسے ملاقات ہوئی، ایک رات گزار کر پاکستان واپس آئے، مجھے ایک دن تصاویر بھیجی گئیں اورکہا گیا قبرستان سے خودکش جیکٹ لے لو،دہشتگرد نے کہا پشاور میں قبرستان سے خودکش جیکٹ لی اوراڈے پر جاکر اسلام آباد پہنچا، پیغام آیا 2،3روز میں آپ کے پاس قاری عثمان نامی بندہ افغانستان سے آئے گا، بمبار ایک 2دن میرے پاس گھر میں رہا۔