پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کیخلاف حکومت کو نوٹس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ لارجر بنچ کے فیصلے کیخلاف اپیل کون سنے گا؟ آئینی عدالت نے اصول طے کرنے کافیصلہ کرلیا۔

آئینی عدالت میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی،وکیل سمیر کھوسہ نے موقف اپنایا سپریم کورٹ کے 7 رکنی بنچ نے ابتدائی فیصلہ دیا تھا،سپریم کورٹ کے رولز آئینی عدالت نے اپنا لیے ، رولز کے مطابق 5 رکنی بنچ اپیل پر سماعت نہیں کر سکتا،جسٹس عامر فاروق نے کہا فیصلہ تبدیل کرنے کیلئے 7 رکنی سے زیادہ بنچ درکار ہوگا، وکیل سمیر کھوسہ نے کہا آئینی عدالت کے جاری کردہ رولز کے نوٹیفکیشن میں ایسا کچھ نہیں لکھا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا آرٹیکل 189 کے تحت آئینی عدالت کا فیصلہ سپریم کورٹ پر لاگو ہوتا کیونکہ الگ عدالت ہے ،ججز کی تعداد کم یا زیادہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، آئینی عدالت نے خود طے کرنا ہے کتنے ججز اپیل سنیں گے،وکیل سمیر کھوسہ نے کہا موجودہ اپیل پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت دائر ہوئی ،لارجر بنچ ہی اپیل سن سکتا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا نوٹس جاری کرنے کی حد تک تو کوئی مسئلہ نظر نہیں آ رہا، عدالت نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کیخلاف حکومت کو نوٹس جاری کر دیا،دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی ،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے وکیل سمیر کھوسہ نے وفاقی آئینی عدالت پر اعتراض کیا اور موقف اپنایا وفاقی آئینی عدالت کی خودمختاری پر سوالات ہیں۔

سمیر کھوسہ نے کہا میں نے اپنی رائے سے اپنے موکلان کو آگاہ کردیا ، اب دیکھنا ہے موکل مجھے وکیل رکھنا چاہتے ہیں یا نہیں،جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے اعتراض کرنا آپ کا قانونی حق ہے،سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلے کیخلاف وفاقی آئینی عدالت کا چھوٹا بنچ اپیل سن سکتا ہے یا نہیں؟ آئینی عدالت نے فریقین کے دلائل سن کر اصول طے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔