وفاقی، صوبائی محکمے ایک ہی چھت تلے ضروری سہولیات فراہم کررہے ہیں :سیکرٹری اطلاعات

لاہور (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب طاہر رضا ہمدانی اور ڈی جی پی آر شیخ فرید احمد نے بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر لاہور کا دورہ کیا۔سیکرٹری اطلاعات وثقافت اور ڈی جی پی آر بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر کے تمام کاونٹرز پر گئے، سینٹر کی ورکنگ اور آپریشنل امور کا جائزہ لیا۔ڈپٹی منیجربزنس فسیلی ٹیشن سینٹر نایاب سلیم نے انہیں ادارے کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے کہاکہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں پنجاب کے 6 بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،کاروباری سہولت مراکز کے قیام سے سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور ہوئی ہیں۔طاہررضاہمدانی نے کہاکہ 5 وفاقی اور 28 صوبائی محکمے ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاروں کو ضروری سہولیات دے رہے ہیں۔مختلف کاروباری سرگرمیوں کے لئے سرمایہ کاروں کو تیز رفتاری سے این او سی جاری ہورہے ہیں، اب تک کاروباری سرگرمیوں کیلئے63559 این او سی کا اجرا خوش آئند امر ہے۔سیکرٹری اطلاعات وثقافت اور ڈی جی پی آر نے بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر کے کاونٹرز پر موجود مختلف محکموں کے نمائندوں سے ان کی ورکنگ بارے دریافت کیا۔صوبائی سیکرٹری اور ڈی جی پی آر کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ این او سی کے حصول کیلئے اب تک 70016 درخوستیں موصول ہوئی ہیں۔بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز میں 23615افراد کو مشاورت فراہم کی گئی ہے،اب تک 94096 افراد ان 6 بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز کا دورہ کرچکے ہیں۔