وفاقی حکومت کا سپریم کورٹ کے ججوں کی طے شدہ آسامیاں کم کرنے کا فیصلہ

لاہور (مشرق نیوز) وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے ججوں کی طے شدہ آسامیاں کم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ پر حکومت نے سپریم کورٹ میں ججز کی آسامیوں کی تعداد بڑھا کر 34 کر دی تھی جس میں سے آئینی بنچ بنا کر آئینی کیس علیحدہ کر دیئے گئے۔

اب 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت پہلی وفاقی آئینی عدالت کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے جو فی الحال 7 ججوں پر مشتمل ہے جس کے بعد سپریم کورٹ میں زیر التوا 56ہزار مقدمات میں سے 22 ہزار مقدمات آئینی عدالت کو منتقل کردیئے گئے۔ سپریم کورٹ میں اس وقت 34 ہزار کے قریب مقدمات زیر التواءہیں اسلئے اب سپریم کورٹ اتنی بڑی تعداد میں ججوں کی ضرورت نہیں رہی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں ججز کی طے شدہ آسامیوں کی تعداد کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے سپریم کورٹ نمبر آف ججز ایکٹ 1997 میں ترمیم کی جائیگی یا پھر صدارتی آرڈیننس کے تحت بھی اسے کم کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد 34 سے کم کر کے 19 کئے جانے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے ممبر جوڈیشل کمیشن احسن بھون کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججوں کی طے شدہ آسامیوں کم کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے، حکومت کو ججوں کی تعداد سے متعلق فوری اقدامات فوری کرنا چاہیے جس سے حکومت پر مالی بوجھ میں بھی کمی ہوگی۔