نئے پراجیکٹس پر اہم فیصلے، جھنگ،کمالیہ میں ورکرز کےلئے3 مرلہ پلاٹ سکیم تیار

لاہور :(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت مسلسل تیسرے روزبھی صوبے میں شفافیت کےلئے پنجاب کے ہر ادارے کی پرفارمنس کا احتساب ،اجلاس میں ہرمنسٹری،ہر محکمہ اور ہر سیکرٹریز سے مکمل جواب طلبی کی گئی ،نئے پراجیکٹس پر اہم فیصلے کیے گئے۔

مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں لگاتار6 گھنٹے ایجوکیشن ، ماحولیات،جنگلات،وائلڈ لائف، فشریز، ٹورازم، آرکیالوجی، سپورٹس اور لیبر کے ہر شعبے سے متعلق امورکی جانچ پڑتال اورتفصیلی بریفنگ لی گئی، وزیراعلیٰ نے پنجابی زبان کو تعلیم،ثقافت اور عوامی زندگی میں مرکزی مقام دلانے کےلئے تاریخی اقدامات کا حکم دےدیا،اجلاس کو بتایا گیا محنت کشوں کے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کےلئے جھنگ اور کمالیہ میں 20 ہزار ورکرز کےلئے 3 مرلے کے پلاٹ دینے کی سکیم کی تیاری مکمل کر لی گئی، محنت کشوں کو اپنا گھر بنانے کےلئے اپنی چھت، اپنا گھرسکیم کے تحت خصوصی قرضے دئیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل ، ریلوے ٹریک، سڑکوں اور نہروں کے کنارے شجرکاری کے اقدامات کی ہدایت کی، قدرتی وسائل کی حفاظت کےلئے پنجاب میں جنگلات میں آگ لگنے سے 20 منٹ پہلے مطلع کرنے والا جدید فائر الارمنگ سسٹم نصب کیا جائےگا، پنجاب کے جنگلات کی حفاظت یقینی بنانے کےلئے سپیشل سینسنگ سسٹم کے ذریعے غیر قانونی درخت کاٹنے کے واقعات کا فوری سدباب کیا جائےگا، وزیراعلیٰ نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کےلئے ہر ماہ چیمپئن شپ ایونٹس کرانے کا حکم دیا، پنجاب میں شریمپ فارمنگ کا پہلا پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار،کروڑوں روپے کے جھینگے کامیابی سے ایکسپورٹ کیے گئے ،5 ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ فروری2026سے شروع ہوجائےگی۔

مریم نواز نے شریمپ فارمنگ کی توسیع کےلئے 50ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کا فیسبلٹی کا پلان طلب کر لیا، سیاحت کوبھی ڈیجیٹلائز ڈکر دیاگیا،سیاحوں کےلئے” میگنی فیشینٹ پنجاب“ ایپ تیار کر لی گئی،ایپ سے ہر سیاح کو آسانی، سہولت اور پنجاب کی خوبصورتی کی مکمل معلومات میسر ہونگیں، صحت مند سرگرمیوں کےلئے پنجاب بھر میں سکول گراونڈز شام کو عوام کےلئے کھولنے کےلئے اقدامات کا حکم دےدیا۔

وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ یونیورسٹی اور کالجز کےلئے لیپ ٹاپ کوٹہ مقرر کرنے کےلئے تجاویز طلب کر لیں اور کالج مینجمنٹ کونسل کا ڈرافٹ تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی،نوجوان نسل کی رہنمائی اور مثبت کردار کی پرورش کےلئے سکولوں میں کریکٹر بلڈنگ کلاسز شروع کرانے کا حکم ، تعلیم کو ہر راستے تک پہنچانے کےلئے لاہور میں ”ایجوکیشن آن ویل“ کے پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز کا حکم دیاگیا، اجلاس کو بتایا گیا پنجاب میں ماحول کی حفاظت اور جنگلات کی نگہداشت کےلئے پہلی مرتبہ جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے جنگلات کی مکمل میپنگ کی جائےگی، پنجاب کے طلبہ کو ایڈوانس عالمی ٹریننگ تک رسائی کےلئے گوگل سکالرز کے ذریعے 50 ہزار کورسز کرائے جائیں گے،پنجاب کے 90فیصد کالجز کے ریگولر پرنسپل کی تعیناتی مکمل کر لی گئی،وزیراعلیٰ مریم نواز نے تعلیمی بورڈز کے چیئرمین، سیکرٹری اور کنٹرولرتعیناتی کے طریقہ کار کی اصولی بھی منظوری دےدی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بنوں میں 22 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے کہا ریاست پاکستان بیدار ہے،آہنی دیوار ہے،ہر دشمن سے بلاخوف مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے، پاکستان کی طرف بڑھنے والے ہر ناپاک و قبیح قدم کی منزل تباہی اور جہنم ہے۔