عمران خان کا ایکس اکاونٹ جیل سے آپریٹ نہیں ہوتا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ

اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایکس اکاونٹ جیل سے آپریٹ نہیں ہوتا،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو مفصل جواب جمع کرا دیا۔

جیل حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاونٹ جیل سے آپریٹ ہونے کا تاثر غلط ،تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنے جواب میں واضح کیا بانی پی ٹی آئی جیل میں سخت سرویلنس میں ہیں اور ان کے پاس موبائل فون سمیت کسی بھی ممنوع چیز کی موجودگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا موبائل سمیت کوئی بھی ممنوع چیز جیل رولز کے تحت قابل اجازت نہیں جبکہ اڈیالہ جیل کے اندر موبائل فون سگنلز جیمر نصب ہیں جس کے باعث جیل کے اندر اور اطراف میں موبائل سگنلز مکمل طور پر بند رہتے ہیں، عمران خان اور ان پر تعینات سٹاف کو مستقل طور پر سرچ کیا جاتا ہے، اس لئے ان کے پاس کسی بھی ممنوع سہولت تک رسائی ممکن نہیں، جیل رول 265 قیدی بانی پی ٹی آئی کو سیاسی گفتگو سے بھی روکتا ہے تاہم جیل ٹرائل کے دوران ان سے ملنے والی فیملی اور وکلا بعض اوقات قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی بحث مباحثے میں مشغول ہو جاتے ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ جیل نے موقف اختیار کیا ماضی میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جیل سے دی گئی سیاسی ہدایات نے کئی مواقع پر معاشرے میں تشدد کو ہوا دی لیکن ان کا ایکس اکاونٹ جیل کے اندر سے آپریٹ نہیں ہو رہا، اکاونٹ جیل کے باہر ہی سے کوئی چلا رہا ہے اور جیل کے اندر نہ موبائل اور نہ ہی انٹرنیٹ جیسی سہولتیں دستیاب ہیں، بانی پی ٹی آئی کو صرف جیل رولز یا عدالتی احکامات کے مطابق فراہم کی جانے والی سہولیات ہی میسر ہیں۔

دوسری جانب بانی سے ملاقات نہ ہونے پر بہنوں نے اڈیالہ روڈ پر دھرنا دے دیا، بڑی تعداد میں جمع کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی،علیمہ خان دیگر بہنوں کےساتھ گورکھ پور ناکے پر پہنچیں، کارکنوں کی جانب سے استقبال کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی،پولیس کی بھاری نفری نے کارکنوں کو داہگل اور گورکھ پور ناکے پر روک لیا۔

ادھرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 9 مئی سمیت دیگر مقدمات میں عمران خان اور بشریٰ کی ضمانت میں توسیع کردی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی و دیگر 5 کیسز پر سماعت کی،دوران سماعت عمران خان کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پردلائل نہ ہوسکے اور عدالت نے اگلی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں یا بذریعہ ویڈیولنک پیش کرنےکی ہدایت کی۔

دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کا ایک ہی مقدمہ چلانے کی عمران خان کی درخواست بحال کر دی،عدالت نے سماعت کے بعد عمران خان اور بشریٰ کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے دونوں کو 23 دسمبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا،بعد ازاں عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی۔