سپریم کورٹ سے ہزاروں مقدمات آئینی عدالت منتقل
اسلام آباد ،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)زیر التوا مقدمات کا بوجھ کم کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے ہزاروں مقدمات آئینی عدالت منتقل کردئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق آرٹیکل 184/3 کے مقدمات و نظرثانی درخواستیں ،آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹس فیصلوں کیخلاف اپیلیں منتقل کی گئیں،وفاقی آئینی عدالت کو منتقل ہونےوالے مقدمات کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے، سپریم کورٹ میں 56 ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں۔
قبل ازیں وفاقی آئینی عدالت میں جسٹس حسن اظہر رضوی نے یوٹیلیٹی کارپوریشن ملازمین برطرفی کیس پر سماعت کی، عدالت نے برطرف سیل مین مزمل رفیق کو تیاری کیلئے وقت دےدیا،جسٹس حسن رضوی نے ریمارکس دیئے وفاقی آئینی عدالت کو سیاسی اکھاڑہ نہ بنائیں، لاہور ہائیکورٹ سے برطرفی کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل آپ نے واپس لے لی ،درخواست گزار مزمل رفیق نے موقف اپنایا مجھے عدالت نے انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے کی ایڈوائس کی، 12 ہزار ملازمین کو فارغ کر دیا گیا۔
جسٹس حسن رضوی نے کہا 12 ہزار ملازمین نہیں آپ اپنی بات کریں، وفاقی عدالت ڈائریکٹ درخواست کیسے دائر کر سکتے ہیں؟ کسی وکیل سے مشورہ کر لیں، آئندہ سماعت پر 27 ویں ترمیم کو پڑھ کر آئیں، یوٹیلیٹی سٹورز سے کروڑوں اربوں کا نقصان ہوا، کتنی خردبرد پکڑی گئی،کیا یہ حکومت کے کرنے کام ہیں؟ یوٹیلیٹی سٹورز سے عوام نہیں سٹاف نے مزے کیے، بعدازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔
دریں اثناوفاقی آئینی عدالت نے ججز ٹرانسفر کیس میں 6 رکنی لارجز بنچ تشکیل دےدیا،جسٹس محسن اختر کیانی سمیت 5 ججز کی اپیل سماعت کےلئے مقرر کردی گئی ،جسٹس امین الدین کی سربراہی میں لارجر بنچ 24 نومبر کو سماعت کرے گا، جسٹس حسن رضوی، باقر نجفی، کے کے آغا، روزی خان اور ارشد شاہ بنچ میں شامل ہیں۔

















