اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان ،اردن میں متعدد معاہدے، دونوں ممالک نے غزہ کے باشندوں کی نقل مکانی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پر اتفاق کرلیا۔
وزیراعظم شہبازشریف اور اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم میں ملاقات ہوئی،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔
دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے پر اتفاق،اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم ودفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا،سٹریٹجک و اقتصادی تعلقات بڑھانے، علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا شاہ عبداللہ کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کی پائیدار دوستی ،مثالی تعلقات کا واضح ثبوت ہے،شاہ عبداللہ دوم نے غزہ استحکام ،انسانی ہمدردی کی کوششوں میں اردن کے کردار کےلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کی تعریف کی، ملاقات میں علاقائی سلامتی، امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماﺅں نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کرتے ہوئے نقل مکانی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور غزہ جنگ بندی پر کام کرنےوالے 8 ممالک سے مزید رابطے کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم کی جانب سے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو افغانستان ،بھارت میں ہونےوالی حالیہ پیشرفت سے بھی آگاہ کیاگیا،شاہ عبداللہ دوم نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف اورگرمجوشی سے مہمان نوازی پر عوام ، حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان ،اردن کے درمیان میڈیا، ثقافت و تعلیم کے شعبوں میں ایم او یو پر دستخط کیے گئے، مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ اور والے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
قبل ازیں اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کااسلام آباد پہنچنے پر ریڈکارپٹ استقبال کیا گیا،صدر آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، مصدق ملک ،وجیہہ قمر،آصفہ،بلاول بھٹو ودیگر نے شاہ عبداللہ دوم،اعلیٰ سطح وفد کا استقبال کیا۔
شاہی طیارے کو ملکی فضائی حدود میں آتے ہی پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے اسلام آباد تک حفاظتی حصار فراہم کیا، 21 برس بعد اردن کے کسی فرمانروا کا پہلا دورہ پاکستان ہے،بعدازاںشاہ عبداللہ دوم کووزیر اعظم ہاوس لےجایا گیا ،استقبالیہ تقریب میں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا، تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے کی دھنیں بجائی گئیں،مہمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا،شاہ عبداللہ دوئم نے وزیراعظم ہاوس کے احاطے میں پودا لگایا،دعا مانگی۔
وزیراعظم ہاوس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا شاہ عبداللہ دوم کا دورہ دیرینہ تعلقات مزید مستحکم ،دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا،دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مضبوط ہوں گے،رجمان دفتر خارجہ نے کہا شاہ عبداللہ کا دورہ دونوں ممالککے برسوں پر محیط برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، سٹریٹجک سمت مزید مضبوط ہوگی،ایوان صدر میں شاہ عبداللہ کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا جائےگا۔
فلسطینیوں کی جبری بے دخلی قبول نہیں، پاکستان،اردن دونوں ممالک میں متعدد معاہدے

















