استعفوں کا سلسلہ عدلیہ سے ہوتا پارلیمنٹ تک جائیگا: سعد رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منصور علی شاہ کے استعفوں کو دھڑے بندی کی سیاست کی عینک سے دیکھا جائے تو منظر سہانا دکھائی دیتا ہے لیکن غیر جانبدارانہ نظر سے دیکھا جائے تو یہ استعفے پاکستان میں آئین ، انصاف ، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کا خواب دیکھنے والے ہر فرد کیلئے لمحہ فکریہ ہیں،نظر آ رہا ہے کہ استعفوں کا یہ سلسلہ یہاں نہیں رکے گا بلکہ عدلیہ سے ہوتا ہوا پارلیمنٹ تک جائے گا، ایک ذمہ دار ریاست معاملات کو ٹھنڈا رکھتی ہے ، دشمنوں میں گھرا نیوکلیئر پاکستان آخر کہاں تک اور کب تک اندرونی محاذ آراءکا متحمل ہو گا؟دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے نئے تنازعات کو جنم دینا دانشمندی نہیں کہلاتا ۔سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک تحریر میں سعد رفیق نے کہا کہ اطہر من اللہ ججز بحالی تحریک کے دور جدوجہد کے دوران فرنٹ لائن کے ساتھی رہے ، جج بننے کے بعد کبھی ملاقات ہوئی نہ سامنا ،میرے نزدیک وہ عدلیہ کے گنے چنے دیانتدار اور اپ رائٹ لوگوں میں سے ہیں، جسٹس شوکت صدیقی کی جبری برطرفی پر ان کی خاموشی ان کے جاننے والوں کیلئے تعجب کا باعث تھی ، جسٹس ثاقب نثار اور جنرل باجوہ کے عہد عمرانی میں دوران اسیری ہمارے پروڈکشن آرڈرز کے معاملہ پر وہ ہمیںانصاف دینے کی بجائے پارلیمنٹ کا معاملہ پارلیمنٹ میں طے کرنے کا کہہ کر خاموشی سے پیچھے ہٹ گئے بہر حال ان کی قدر اور احترام دل میں موجود رہا۔انہوںنے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ کو بطور چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ شاندار کام کرتے دور سے دیکھا ہے ، ذاتی جان پہچان کبھی نہیں رہی،گوجرانوالہ میں ایک متروک ریلوے سٹیشن کی جگہ بنک سکوائر کی تعمیر کے معاملہ پر ہمارے نزدیک ان کا فیصلہ حقائق کے برعکس تھا جس کا محکمہ ریلوے کو بہت نقصان ہوا اور مجھے بطور وزیر ِ ریلوے اس کا بہت افسوس ہوامگر انکی قابلیت اور انصاف پسندی کا میں ہمیشہ قائل رہا ہوں۔ صورتحال یہ ہے کہ کچھ عرصہ پیشتر بھی سپریم کورٹ کے دو تین جج استعفے دے چکے ہیںلیکن صدر مملکت کے نام جمعرات کے روز مستعفی ہوہونے والے ججوں کے خط کے مندرجات سے قطع نظر ان استعفوں کو پہلے استعفوں کے ساتھ ملانا یا جوڑنا صریحاً ناانصافی اور زیادتی ہو گا۔ہمارے نزدیک عدالتی توازن کیلئے ان حضرات کا دم غنیمت تھا ۔چنانچہ بطور ایک سیاسی کامریڈ مجھے ان دو جج صاحبان کے استعفوں پر دلی افسوس ہوا ہے ۔ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منصور علی شاہ کے استعفوں کو دھڑے بندی کی سیاست کی عینک سے دیکھا جائے تو منظر سہانا دکھائی دیتا ہے لیکن غیر جانبدارانہ نظر سے دیکھا جائے تو یہ استعفے پاکستان میں آئین ، انصاف ، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کا خواب دیکھنے والے ہر فرد کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ نظر آ رہا ہے کہ استعفوں کا یہ سلسلہ یہاں نہیں رکے گا بلکہ عدلیہ سے ہوتا ہوا پارلیمنٹ تک جائے گا، یاد رکھنا چاہیے کہ ہر مخالف کو پکڑا جا سکتا ہے نہ ہی ملک دشمن قرار دیا جاسکتا ہے ،ایک ذمہ دار ریاست معاملات کو ٹھنڈا رکھتی ہے ، دشمنوں میں گھرا نیوکلیئر پاکستان آخر کہاں تک اور کب تک اندرونی محاذ آراءکا متحمل ہو گا؟ دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے نئے تنازعات کو جنم دینا دانشمندی نہیں کہلاتا ۔انہوں نے کہا کہ ان استعفوں پر خوشی کے ڈھول پیٹنے کی بجائے پیدا ہونے والی فالٹ لائینز پُر کرنے کی فکر کرنا ہی مناسب عمل ہو گا ۔