پہلی وفاقی آئینی عدالت قائم،چیف جسٹس سمیت 4ججز کاحلف،حفیظ رجسٹرارتعینات

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) پہلی وفاقی آئینی عدالت قائم،چیف جسٹس سمیت 4ججز نے حلف اٹھا لیا،مسرت ہلالی کی جج بننے سے معذرت،جسٹس امین الدین خان نے سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حفیظ کو رجسٹرار تعینات کردیا ۔

وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان کی حلف برداری تقریب ایوان صدر میں ہوئی،صدرمملکت آصف زرداری نے حلف لیا،وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ ،بحریہ کے سربراہوں، چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینٹ، وفاقی وزرا،اراکین پارلیمنٹ ،چیئرمین پیپلز پارٹی ،اعلیٰ عدلیہ کے ججزواہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

آصف زرداری نے اپنے خطاب میں آئینی عدالت کے قیام ، عدلیہ کے کردار کو ملکی استحکام کےلئے اہم قرار دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے عدلیہ کی خودمختاری ،آئینی فریم ورک کی حفاظت پر زور دیا،چیف جسٹس امین الدین نے حلف لینے کے بعدانصاف کے فروغ ،آئین کی بالادستی کےلئے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب وزارت قانون نے وفاقی آئینی عدالت کے ججز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے 6 ججز ہوں گے، جسٹس حسن اظہر رضوی، عامر فاروق، علی باقر نجفی، کے کے آغا ،روزی خان،جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔

خرابی صحت کے باعث جسٹس مسرت ہلالی کا نام زیر غور نہیں لایا گیا،ذرائع کے مطابق جسٹس مسرت ہلالی نے وفاقی آئینی عدالت کی جج بننے سے معذرت کر لی،بعدازاں پہلے مرحلے میں وفاقی آئینی عدالت کے 3 ججز نے حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس امین الدین خان نے حلف لیا،حلف اٹھانے والوں میں حسن اظہر رضوی، عامر فاروق ،علی باقر نجفی شامل ہیں،تقریب میں جسٹس محسن اختر کیانی، طارق محمود،اعجازاسحاق، ثمن رفعت امتیاز اور بابرستار نے شرکت نہیں کی۔

جسٹس کے کے آغا ہفتے کو حلف اٹھائیں گے،تقریب اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔

دریں اثناجسٹس امین الدین خان نے سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حفیظ کو رجسٹرار ،مظہر بھٹی کو سیکرٹری ٹو چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت تعینات کردیا ۔

علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت کے ججز کا صدارتی آرڈر جاری کردیا گیا ، عدالت چیف جسٹس سمیت 13 ججز پر مشتمل ہوگی،وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد ہائی کورٹ کے ٹاپ فلور پر قائم کی جائے گی،ذرائع کے مطابق تمام ججزباقاعدہ فیصلوں میں حصہ لیں گے اور عدالتی کارروائیوں کا آغاز آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔

ادھر ذرائع کے مطابق وفاقی شرعی عدالت نے آئینی عدالت کو اپنی بلڈنگ دینے سے انکار کردیا، ،وفاقی شرعی عدالت کے انکار پر چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین فی الحال اسلام آباد ہائیکورٹ کے روم نمبر ایک میں بیٹھیں گے،چیف جسٹس ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر کورٹ روم 2 نمبر میں منتقل ہو جائیں گے۔