27ویں ترمیم کے آفٹرشاکس،سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج منصورعلی شاہ ،اطہر من اللہ مستعفی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)27ویں ترمیم کے آفٹرشاکس،سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ ،اطہر من اللہ نے استعفیٰ دےدیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے 13 صفحات پر مشتمل استعفے میں کہا 27 ویں ترمیم آئین پر سنگین حملہ ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان کو ٹکڑے ٹکرے کر دیا گیا،ادارے کی عزت، ایمانداری اور دیانت کےساتھ خدمت کی، ضمیر صاف ،دل میں کوئی پچھتاوا نہیں ،سپریم کورٹ کے سینئرترین جج کی حیثیت سے استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔

استعفے میں جسٹس منصور نے کہاآئینی ترمیم پر تحفظات کا اظہار کرکے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو 2 خطوط بھی لکھے ،عدلیہ کو حکومت کے ماتحت بنا دیا گیا، آئینی جمہوریت کی روح پر کاری ضرب لگائی گئی ، انصاف عام آدمی سے دور، کمزور اور طاقت کے سامنے بے بس ہوگیا ، ملک کی واحد اعلیٰ ترین عدالت منقسم ،عدلیہ کی آزادی کو پامال کرنے سے ملک کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا گیا ۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا تاریخ گواہ ہے آئینی نظم و نسق کی ہیئت میںایسی تبدیلیاں زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہوتیں،نازک موڑ پر میرے سامنے 2 ہی راستے ہیں یا تو میں ایسے نظام کا حصہ بن کر رہوں جو ادارے کی ہی بیخ کنی کرتا ہے جس کے تحفظ کاحلف لیا یا پھر احتجاجاً خلاف کھڑے ہوکر عہدے سے دستبردار ہوجاوں،عہدے سے وابستہ رہنا آئینی دراندازی پر خاموش رضا مندی ہوتی ہے۔

سینئر ترین جج نے اپنے استعفے کا اختتام احمد فراز کے مشہور اشعار کےساتھ کیا ،مرا قلم تو امانت ہے میرے لوگوں کا،مرا قلم تو عدالت مرے ضمیر کی ہے،اسی لیے جو لکھا تپاک جاں سے لکھا،جبھی تو لوچ کماں کا زبان تیر کی ہے،میں کٹ گروں کہ سلامت رہوں، یقیں ہے مجھے کہ یہ حصار ستم کوئی تو گرائے گا،تمام عمر کی ایذا نصیبیوں کی قسم،مرے قلم کا سفر رائیگاں نہ جائے گا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے استعفے میں کہا جس آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا وہ باقی نہیں رہا، 11 سال پہلے بطور اسلام آباد ہائیکورٹ جج کے طور پر حلف اٹھایا، 4 سال بعد اسی عدالت کے چیف جسٹس ،مزید 4 سال بعد بطور جج سپریم کورٹ حلف اٹھایا،تمام حلفوں کے دوران میں نے ایک ہی وعدہ کیا آئین سے وفاداری کا، میرا حلف کسی فرد یا ادارے نہیں آئین پاکستان سے تھا،27ویںترمیم منظور ہونے سے پہلے چیف جسٹس کو خط لکھ کرتشویش کا اظہار کیا۔

اپنے استعفے میں جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا تب کے خدشات، خاموشی ،بے عملی کے پردے میں حقیقت کا روپ دھار چکے ، ہمیشہ پوری دیانتداری کےساتھ فرائض انجام دینے کی کوشش کی وہی حلف مجھے نتیجے پر پہنچنے پر مجبور کرتا ہے اپنا استعفیٰ پیش کروں جس آئین کی پاسداری کا حلف لیا اب موجود نہیں رہا، خود کو یقین دلانے کی کتنی ہی کوشش کروں، حقیقت یہی ہے آئین کی روح پر حملہ ہو چکا۔

جج سپریم کورٹ نے کہا نئے ڈھانچے جن بنیادوں پر تعمیر ہو رہے وہ آئین کے مزار پر کھڑے ،جو عدالتی چغے پہنتے ہیں وہ محض رسمی لباس نہیں مقدس اعتماد کی علامت ہیں جو قوم نے عدلیہ پر کیا،تاریخ گواہ ہے اکثر اوقات لباس خاموشی ،بے عملی کی علامت بن گیا، آنےوالی نسلوں نے مختلف طور پر نہ دیکھا تو مستقبل ماضی جیسا ہی ہوگا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا امید ہے آنےوالے دنوں میں عدل کرنےوالے سچائی کےساتھ فیصلے کریں گے اسی امید کےساتھ میں آج چغہ آخری بار اتار رہا ہوں اور فوری طور پر جج سپریم کورٹ کے عہدے سے باضابطہ استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔