عمران خان سے وکلا کی ملاقات نہ کرانے پرعدالت برہم
اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ) ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے،عدالت عالیہ نے سیکرٹری داخلہ، جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو طلب کرتے ہوئے جواب مانگ لیا۔
جسٹس ارباب طاہر نے وکیل سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی جو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران وکیل نے موقف اختیار کیا عدالت کے تحریری حکمنامے کے باوجود ملاقات نہیں کرائی گئی،جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دیئے عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرےگی، اگر سلمان اکرم راجہ جیل میں ملاقات نہیں کر سکتے تو وہ ٹوئٹر ایکس کیس میں عدالت کی معاونت کیسے کریں گے؟۔
عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے استفسار کیا عدالتی حکم کے باوجود ملاقات کیوں نہیں ہوئی؟بعدا زاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، کیس کی آئندہ تاریخ تحریری حکمنامے میں جاری کی جائےگی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ سنانے والے سیشن جج کو کام سے روکنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا،ادھر بانی سے ملاقات نہ ہونے پر بہنوں اور کارکنوں نے اڈیالہ روڈ پر دھرنا دےدیا، روکے جانے پر سلمان اکرم راجہ کی پولیس سے تلخ کلامی ہوگئی۔


















