فوج کی وجہ سے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، سیف ابڑو سینٹ نشست سے مستعفی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی سینیٹر سیف ابڑو نے پارٹی پالیسی کیخلاف 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دےکر مستعفی ہونے کا اعلان کردیا،سینٹ اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر سیف ابڑو نے کہاپاک بھارت جنگ میں پاک فوج کا جو کردار تھا اس سے انڈیا نے ذلت اٹھائی، شکست کو انڈیا پہلے نہیں مان رہا تھا، جتنی عزت صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کو دی کسی کو نہیں دی، میں نے ووٹ فیلڈ مارشل کی وجہ سے دیا اور جنرل عاصم منیر کی وجہ سے ووٹ دینے آیا ہوں، پچھلی ترمیم کے موقع پر میرے خاندان کے 10 افراد اٹھائے گئے تھے اس کے بعد میری پارٹی نے میرے لیے کیا آواز اٹھائی،مستعفی ہونے کا اعلان سن کر چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا سینیٹر سیف ابڑو نے استعفیٰ دے دیا، ہم آپ کو پھر سینیٹر بنوائیں گے،قبل ازیں پارٹی کے مخالف ووٹ دینے پر پی ٹی آئی نے سیف ابڑو کےخلاف 63 اے کے تحت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ،سینیٹر علی ظفر نے کہاسیف ابڑو نااہل ہو چکے ہیں ، الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کریں گے، بطور پارلیمانی لیڈر میں نے تمام سینیٹرز کو ووٹ نے دینے کی ہدایت کی تھی، سیف ابڑو نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اور حکومت کو ووٹ دیا۔