وفاقی کابینہ ،27ویں ترمیم منظور،سینٹ میں پیش،کمیٹی کے سپرد،صدر فوجداری کارروائی سے مستثنیٰ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی کابینہ نے 27ویں ترمیم کی منظوری دےدی،بل سینٹ میں پیش، اپوزیشن کااحتجاج،مشترکہ کمیٹی کے سپرد،وفاقی آئینی عدالت قائم،چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ متعارف ،ٹرانسفر ماننے سے انکار کرنے والا جج ریٹائر تصور ،آرٹیکل 184حذف،صدر عمر بھر کیلئے فوجداری کارروائی سے مستثنیٰ،ترمیم کے اہم نکات سامنے آگئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر باکو سے بذریعہ ویڈیو لنک وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کی،کابینہ کی منظوری کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر قانون نے ترمیم کے خدوخال پر بریفنگ دی۔

شہبازشریف نے کہا تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کاشکریہ ادا کرتا ہوں،آئینی ترمیم وفاق ،صوبوں کے تعلقات کی مضبوطی اور ملک کے وسیع تر مفاد میں تیار کی گئی ،وزارت قانون و انصاف، اٹارنی جنرل ،ٹیم لائق تحسین ہے، اپنے قائد نواز شریف سے بھی رہنمائی لی،صدر مملکت آصف زرداری کو اعتماد میں لیا ،رضامندی پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں،وزیراعظم نے کہاسیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملکی سمت درست ،ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہے۔

بعدازاں27ویں ترمیم کا بل سینٹ میں پیش کر دیا گیا، چیئرمین سینٹ نے مشترکہ کمیٹی کے سپرد کردیا،اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا معمول کی کارروائی معطل کر کے بل پیش کر لیتے ہیں،چیئرمین سینٹ نے معمول کی کارروائی معطل کردی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا بل پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کو پیش کر دیتے ہیں، کمیٹی اپنا کام کرے گی، کوئی جلدی نہیں ، مشترکہ کمیٹی میں قومی اسمبلی اورسینٹ کے اراکین بیٹھتے ہیں،ووٹ ابھی نہیں ہو گا، اپوزیشن سے بحث کا آغاز کریں گے،چیئرمین سینٹ نے اپوزیشن سے کہا کمیٹی اجلاس میں شریک ہوں، بل قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سپرد کر دیتا ہوں،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کے شور شرابے پر کہا جس طرح کا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے وہ ٹھیک نہیں، شام تک بیٹھے ہیں آپ اپنی بات کہیں، اپوزیشن سے بحث کا آغاز کریں گے۔

علی ظفر نے کہا قائد حزب اختلاف کی سیٹ خالی ہے، پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی قائم کریں، ابھی ڈرافٹ ملا ،پڑھا نہیں، اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی تک بل پر بحث نہیں ہوسکتی،اعظم نذیر تارڑ نے کہا تمام جماعتوں کی مشاورت کے بعد وفاقی آئینی عدالت کی تجویز لائے ، مقدمات عدالت کا 40 فیصد وقت لے جاتے ہیں، 26 ویں ترمیم پر جب مشاورت ہوئی تودوستوں نے کہا اتنی بڑی تبدیلی کی طرف نہ جائیں، آئینی بنچز بنا کر معاملات حل کریں،بل دو تہائی اکثریت سے پاس ہوا اور آئینی بنچ بن گئے۔

وزیر قانون نے کہا آرمی چیف کومعرکہ حق کے دوران خدمات پر فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نوازاگیا، آرمی چیف کے عہدے کا ٹائم فریم ہوتا، فیلڈ مارشل اعزاز ہے ،ٹائم فریم نہیں، آرمی چیف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے،فیلڈ مارشل کا عہدہ پوری دنیا میں تاحیات ہے، ٹائٹل کو آئینی تحفظ دینا ہے، ٹائٹل واپس لینے کا اختیار وزیراعظم نہیں پارلیمنٹ کے پاس ہوگا، موجودہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی مدت ختم ہونے کے بعد عہدہ ختم ہو جائے گا، آرمی چیف کو چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذمہ داریاں سونپنی ہیں،اعظم نذیر تارڑ نے کہاسٹریٹجک معاملات پر بہت احتیاط سے بات کرنی چاہیے، شخصیات نہیں ملک کیلئے ترامیم کی جاتی ہیں، سو موٹو کا اختیار ختم کیا تاکہ پھر کوئی چیف جسٹس آکر ہسپتالوں کے چکر نہ لگائے، کسی کو پھانسی پہ نہ لٹکائے،بعد ازاں سینٹ نے آئینی ترمیم کا مجوزہ بل مشترکہ کمیٹی کو بھیج دیا۔

دریں اثنا27ویں ترمیم پر مشاورت کےلئے بنائی گئی قانون انصاف کی مشترکہ پارلیمانی قائمہ کمیٹی کا ان کیمرا ہوا ،جے یو آئی نے واک آوٹ کردیا،عالیہ کامران نے کہا آرٹیکل 243 پر تحفظات ہیں ،ترمیم کی مخالفت کریں گے،ججز والے معاملے پر بھی تحفظات ہیں، پگڑی کس کی بھاری ہو گی، آئینی عدالت یا سپریم کورٹ کے جج کی؟ایڈوائزرز کی تعداد بڑھائی جاری ہے، غریب ملک میں ایڈوائزرز کی تعداد بڑھانا عوام کا کون سا فائدہ ہے؟۔

صدر مملکت کے بعد وزیر اعظم کو بھی فوجداری مقدمات سے استثنیٰ کی ترمیم کمیٹی میں پیش کر دی گئی،ذرائع کے مطابق ترمیم کے تحت آئین کے آرٹیکل 248 میں صدر کے ساتھ لفظ وزیر اعظم بھی شامل کر لیا جائے گا،منظوری کے بعد وزیر اعظم کےخلاف دوران مدت فوجداری مقدمات میں کارروائی نہیں ہو سکے گی،کمیٹی اجلاس اتوار تک ملتوی کردیا گیا۔

اجلاس کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا جب تک 100 فیصد اتفاق نہیں ہو گا مشاورت جاری رہے گی، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دےدی ، بائیکاٹ کرنا جے یوآئی کاجمہوری حق ہے،سارے ممبرز نے سنجیدگی سے ترمیم کا مسودہ دیکھا ، اراکین کی طرف سے کچھ سوالات اٹھائے گئے۔

ادھر اپوزیشن نے قائمہ کمیٹی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ، بیرسٹر علی ظفر نے کہا سینٹ میں پیش کردہ 27ویںترمیم کے مسودے میں تقریباً 50نکات شامل ہیں، 73کے آئین کو ختم کیا جا رہا ہے، آئین کےخلاف سازش میں شریک نہیں ہوں گے، سارا کچھ بہت تیزی سے اور چھپ چھپا کے ہو رہا ہے، سینٹ میں اپنی آواز اٹھائیں گے،دوسری جانب27 ویں ترمیم کے اہم نکات کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ متعارف کرادیا گیا ،آرمی چیف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے، فیلڈ مارشل، مارشل آف ائیر فورس ،ایڈمرل آف فلیٹ کا رینک حاصل کرنے والا تاحیات یونیفارم میں رہے گا،آرمی چیف، نیول چیف اور ائیر چیف کا تقرر صدر وزیراعظم کی ایڈوائس پر کرےگا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہوجائےگا۔

مجوزہ آئینی ترمیم کے مطابق وزیراعظم چیف آف ڈیفنس فورسز کی تجویز پر پاک آرمی سے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈکا تقرر کریں گے،فیلڈ مارشل ، مارشل آف ائیرفورس ،ایڈمرل آف فلیٹ کا رینک ،مراعات تاحیات رہیں گی، فیلڈ مارشل، مارشل آف ائیرفورس ،ایڈمرل آف فلیٹ کا عہدہ پارلیمنٹ کے مواخذے سے ختم کیا جاسکے گا،فیلڈ مارشل، مارشل آف ائیرفورس ، ایڈمرل آف فلیٹ کو صدر کی طرح عدالتی استثنیٰ حاصل ہوگا، کمانڈ مدت پوری ہونے پر وفاقی حکومت ریاست کے مفاد میں کوئی ذمہ داری سونپ سکتی ہے۔

ترمیم کے اہم نکات کے تحت ملک میں وفاقی آئینی عدالت قائم کی جائےگی،ہر صوبے سے برابر ججز ہوں گے، چیف جسٹس آئینی کورٹ ،ججز کا تقرر صدر کرےگا، وفاقی آئینی عدالت کے پاس اپنے کسی فیصلے پر نظرثانی کا اختیار ہوگا،صدر کوئی معاملہ رائے کےلئے وفاقی آئینی عدالت کو بھیجے گا، ہائی کورٹ ججز کے تبادلے کا اختیار جوڈیشل کمیشن کو دیا جائےگا اگرکوئی جج ٹرانسفر ماننے سے انکار کرےگا تو ریٹائر تصور کیا جائےگا۔

مجوزہ آئینی ترمیم کے مطابق قانون کا معاملہ سپریم کورٹ کو بھیجنے کی شق ختم ، از خود نوٹس پر 184 حذف کر دی گئی، وفاقی آئینی عدالت کا جج 68 سال کی عمر تک عہدے پر رہے گا، آئینی عدالت کا چیف جسٹس 3سالہ مدت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو جائےگا، صدر آئینی عدالت کے کسی جج کو قائم مقام چیف جسٹس مقرر کرےگا،آئینی کورٹ یا سپریم کورٹ کے پاس ہائیکورٹ سے کوئی اپیل یا کیس اپنے پاس یا کسی اور ہائی کورٹ ٹرانسفر کرنے کا اختیار ہوگا، وفاقی آئینی کورٹ کے فیصلے کی سپریم کورٹ سمیت پاکستان کی تمام عدالتیں پابند ہوں گی،ہائی کورٹ کا کوئی جج وفاقی آئینی عدالت یا سپریم کورٹ میں تقرری کو قبول نہیں کرے گا تو ریٹائر تصور ہوگا، سپریم کورٹ کا کوئی جج وفاقی آئینی عدالت کا جج بننے سے انکار کرے گا تو وہ بھی ریٹائر تصور ہوگا۔

نکات کے مطابق صدر سپریم کورٹ کے ججز میں سے وزیراعظم کی ایڈوائس پر وفاقی آئینی کورٹ کا پہلا چیف جسٹس تقرر کرے گا، وفاقی آئینی عدالت کے پہلے ججز کا تقرر صدر وزیر اعظم کی ایڈوائس پر چیف جسٹس فیڈرل آئینی کورٹ سے مشاورت سے کرےگا،صدر کےخلاف عمر بھر کےلئے کوئی فوجداری کارروائی نہیں ہوسکے گی، کوئی عدالت صدر اورگورنر کی گرفتاری یا جیل بھیجنے کےلئے کارروائی نہیں کرسکے گی۔