اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے 27 ویں ترمیم کا مسودہ مشکوک قرار دےکر مسترد کر دیا،علی ظفر کی زیر صدرات اجلاس میں علامہ ناصر عباس،نورالحق قادری،فلک ناز،ہمایوں مہمند و دیگرنے شرکت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ن لیگ، پیپلز پارٹی و اتحادی نورا کشتی کی روایت دہرا رہے ، قانون سازی کو بلڈوز کر کے تمام آئینی و اخلاقی تقاضے پامال کیے جا رہے ہیں،اپوزیشن کو پس پردہ رکھ کر پارلیمانی اصولوں سے انحراف کیا جا رہا ہے، ترمیم کے تحت بنیادی انسانی حقوق مزید متاثر ہوں گے،عدلیہ کی آزادی اور اختیار میں کمی کی کوششوں پر تشویش ہے۔
پارلیمانی پارٹی نے اپوزیشن لیڈر سینٹ کے نوٹیفکیشن میں تاخیر پر اظہاربرہمی کرتے ہوئے کہابانی کے نامزد کردہ علامہ ناصر عباس کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے، 27ویں ترمیم کےخلاف اپوزیشن کو آزاد اراکین سے رابطوں کا ٹاسک دےدیا گیا۔
ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا پیپلز پارٹی 27 ویں ترمیم پر مک مکا کے چکر میں ہے،پی پی کو پیکیج مکمل طور پر مسترد کرنا چاہیے، بلاول کے نانا،والدہ کی جمہوریت کےلئے بہت خدمات ہیں، 73 کا آئین بھٹو کا بڑا تحفہ تھا،پیپلزپارٹی کی ذمہ داری ہے آئین کے تحفظ کےلئے کھڑی ہو ،پیپلز پارٹی کھڑی ہوگئی تو پریکٹیکل سیاست میں واپسی کا آغاز ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا این ایف سی ایوارڈ میں گارنٹی دی گئی تھی صوبوں کا حصہ کم نہیں ہوگا،ترمیم اتفاق رائے سے ہونی چاہیے، آئین پوری قوم کا ڈاکیومنٹ ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے 27 ویں ترمیم کا مسودہ مسترد کر دیا


















