متروکہ وقف املاک بورڈ، قواعد و ضوابط کیخلاف افسران کی ترقیاں ، ایف آئی اے کا نوٹس

لاہور (علی جنید) متروکہ وقف املاک بورڈ میں قواعد و ضوابط کے برخلاف افسران کو ترقیاں دیتے ہوئے اپ گریڈیشن کیا گیا ہے جس کے تمام تر دستاویزات روزنامہ ”مشرق“ نے حاصل کرلی ہیں جبکہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اسلام آباد ہیڈ آفس نے اس سکینڈل کی انکوائری کے سلسلے میں ریکارڈ سمیت متروکہ وقف املاک کے ذمہ داران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے نوٹس روزنامہ ” مشرق“ کو حاصل، دستاویزات اور ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد کی طرف سے 24 اکتوبر 2025ءکو تحریری نوٹس متروکہ وقف املاک بورڈ کو بھیجا گیا جس کے مطابق گریڈ 18 سے 19میں ترقی اپ گریڈیشن پانے والے افسران کی تفصیل، افسران کیخلاف انضباطی کاروائی کی تفصیل، اے سی آر و پرسنل فائلز،ڈی پی سی کرنیوالے افسران کے نام ، سکیل 19 میں ترقی پانے کیلئے مڈ کیئر مینجمنٹ کورس سرٹیفکیٹ اور دیگر معلومات انکوائری میں طلب کر لی گئی ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق افسران کو سکیل 19 میں اپ گریڈیشن پروموشن اس وقت دی گئی جب متروکہ وقف املاک میں پروموشن کمیٹی ممبران عارضی چارج پر تھے۔ سال 2023ءسے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ تعینات نہ ہیں۔ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی ممبر سیکرٹری متروکہ وقف اور ڈپٹی سیکرٹری وزارت مذہبی امور بھی عارضی چارج پر تھے. پروموشن کرتے وقت نہ توافسران کے خلاف انضباطی کاروائی دیکھءگئی نہ ہی قوانین و ضوابط کا خیال رکھا گیا۔ سپریم کورٹ پاکستان کے حکم پرفرانزک آڈٹ رپورٹ 2023ءکے نتیجے میں محکمہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق سکیل 19 میں جانے کیلئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن بھی نہیں کی گئی۔ ان قواعد کے برعکس ترقیوں کی وجہ سے افسران نے خود ہی اپنے واجبات لینے شروع کر دے جس سے محکمہ کو مالی نقصان ہو رہا ہے۔ اس بندر بانٹ میں ارشد فرید سابقہ جوائنٹ سیکرٹری اورسیکرٹری عطا الرحمن وزارت مذہبی امورشامل ہیں۔ اس اپ گریڈیشن پروموشن میں انضباطی کاروائی کی تفصیل اے سی آر کی صحیح رپورٹ،سپریم کورٹ پاکستان کے حکم پر فرانزک آڈٹ رپورٹ، ایم سی ایم سی سرٹیفکیٹ اور دیگر تفصیلات دینا اسٹیبلشمنٹ برانچ کا کام تھا ملوث افسران کا تعین انکوائری میں کیا جائےگا۔