بلوچستان،کے پی،7دہشتگرد ہلاک،فتنہ الخوارج کی درندگی،6 افراد کو زندہ جلادیا


راولپنڈی:(بیورورپورٹ)دالبندین،باجوڑ میںآپریشنز،7دہشتگرد جہنم واصل،فتنہ الخوارج نے بھتہ نہ دینے پر میرعلی میں 6افراد کو زندہ جلا دیا،نوشکی میںفائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دالبندین میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کی تشکیل کا قلع قمع کردیا، بروقت و موثر کارروائی میں 6 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد پہاڑی غار میں پناہ لیے ہوئے تھے، فضائی نگرانی کے ذریعے مسلسل نظر رکھی گئی، موزوں وقت پر ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا،اہم کامیابی سکیورٹی فورسز ،خفیہ اداروں کی بہترین ہم آہنگی و موثر رابطے کا نتیجہ ہے،بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے تک سکیورٹی اقدامات جاری رہیں گے۔

ادھرسکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں خوارجی کو ہلاک کردیا دیگر ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گئے،فورسز نے شاہی تنگی جنگل میں موجود خوارجی دہشتگردوں کے ٹھکانوں ،سرنگوں کا مکمل طور پر صفایا کردیا۔

ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات پر شاہی تنگی کے جنگل میں غار پر بھرپور کارروائی کی گئی،فورسز نے علاقے میں موجود سرنگوں ،قریبی مقامات کو کلیئر کر دیا،خوارجیوں کے زیر استعمال اسلحہ، بارودی مواد ،مواصلاتی آلات بھی برآمد کر لیے گئے۔

دریں اثنامیر علی میں فتنہ الخوارج نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے بھتہ نہ دینے پرفائرنگ کے بعد گاڑی کو آگ لگادی،سوار تمام 6افراد زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے،اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس ،امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو تحویل میں لےکر قریبی ہسپتال منتقل کیا ،علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

عینی شاہدین نے کہاحملہ انتہائی سفاکانہ انداز میں کیا گیا ،شعلے دور تک دکھائی دئیے،رہائشی شدید خوفزدہ ہوگئے،شہریوں نے کہاکیساجہاد ہے، درندگی سے معصوم افراد کو قتل کیا جا رہا ہے،حکومت،سکیورٹی ادارے فوری اقدامات کرےں،درندہ صفت عناصر کوقرار واقعی سزا دی جائے۔

علاوہ ازیں نوشکی کے علاقے غریب آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2اہلکار شہید ہوگئے،دہشتگردوں نے گاڑی پر گولیاں برسائیں،سپاہی رزاق ،عبداللہ موقع پر ہی جاں بحق،حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔