افغانستان میں گل بہادرگروپ کیخلاف ٹارگٹڈکارروائی،100سے زائد خوارج ہلاک
اسلام آباد،راولپنڈی،پشاور:(بیورورپورٹ)افغانستان میں گل بہادرگروپ کیخلاف ٹارگٹڈکارروائی،100سے زائد خوارج ہلاک ہوگئے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاپاک افغان سرحد کے نزدیک شمالی و جنوبی وزیرستان اضلاع کے سرحدی علاقوں میں خارجی گل بہادر گروپ پر حملے کیے، جنگ بندی کے دوران افغانستان میں متحرک خارجیوں نے بار بار پاکستان کے اندر دہشتگردحملوں کی کوششیں کیں ،سکیورٹی فورسز نے حملوں کو موثر انداز میں پسپا کیا،جوابی کارروائی میں100سے خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
عطا تارڑ نے کہا گل بہادر گروپ کےخلاف پریسڑن سٹرائیکس کی گئیں، مرنے والوں میںدہشتگرد قیادت بھی شامل ہے،ٹارگٹڈ کارروائی میں عام شہری نشانہ نہیں بنے،پاکستان کو اپنی سرحدی سالمیت و عوامی جان و مال کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے ،افغانستان سے حملہ کرنےوالے دہشتگردوں کو سکون سے رہنے کی اجازت نہیں دیں گے،پاکستان یقین رکھتا بھارتی سرپرستی میں افغان سرزمین سے ہونےوالی دہشتگردی کے پیچیدہ مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے، افغان حکام کی جانب سے غیر ریاستی عناصر پر موثر کنٹرول کی صورت میں حل نکلے گا۔
ادھر شمالی وزیرستان میں گل بہادر گروپ کے خودکش حملے میں 3 خواتین اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے،سکیورٹی ذرائع کے مطابق میر علی میں کھادی پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بزدلانہ خود کش حملے کی ناکام کوشش کی، خود کش حملے میںخواتین،بچے نشانہ بنے،سکیورٹی فورسزنے خوارج کا خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
مزید برآں سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں مغل کوٹ سیکٹر میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2خوارج کو ہلاک کردیا،آپریشن میں فتنہ الخوارج کے طارق کچھی گروپ کی تشکیل کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا،مرنے والوں میںسرغنہ طارق کچھی اور حکیم عرف ٹائیگر بھی شامل ہے،ہلاک دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔



















