کاکول، راولپنڈی (بیورو رپورٹ) فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری ماحول میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، نئی دہلی بین الاقوامی اصولوں کے مطابق بنیادی مسائل حل کرے، دھمکیوں سے خوفزدہ نہ ہی دباﺅ میں آئیں گے، کسی بھی معمولی اشتعال انگیزی کا بلا کسی تردد فیصلہ کن جواب دیں گے، کشمیری عوام کب تک ظلم و جبر کا شکار رہیں گے، طالبان رجیم افغانستان سے پاکستان پر حملے کرنےوالی پراکسیز کو لگام ڈالے، کابل کے لوگ دائمی تشدد کی بجائے باہمی سلامتی کا انتخاب کریں، روایتی میدان میں جیت کی طرح پڑوسی کی ہر ریاستی پراکسی کو خاک میں ملا دیا جائےگا۔ پاکستان توقع کرتا ہے غزہ جنگ بندی جاری رہے گی، پاکستان نے ایران کےساتھ مذاکرات کے پرامن عمل میں بھی کردار ادا کیا، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں لانگ، ٹیکنیکل، لیڈی کیڈٹ اور اینٹی گریٹڈ کورس مکمل کرنےوالوں کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنے عزم سے دشمن کو شکست دےکر قوم کا اعتماد مزید مستحکم کیا، آپریشن بنیان مرصوص سے قوم کا پاک فوج پر اعتماد مزید مضبوط ہوا، آپریشن بنیان مرصوص میں قوم مسلح افواج کےساتھ فولادی دیوار کی طرح کھڑی تھی۔ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، بھارتی جارحیت کےخلاف قوم پہلے سے زیادہ متحد اور یک زبان ہوئی، ازلی دشمن کےخلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا، دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس400 سسٹمز کو نشانہ بنایا، ملٹی ڈومین وار فیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا گیا، قومی عزم کےساتھ من حیث القوم متحد ہو کر فولادی دیوار کی مانند دشمن کا مقابلہ کیا۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کا خودساختہ شواہد پیش کرنا علامت ہے، بھارتی حکمران جماعت نے مذموم مقاصد کےلئے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دیا، پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کےخلاف واضح فتح کی بدولت عالمی برادری کا وقار اور داد سمیٹی، نوجوانوں میں اعتماد مضبوط ہوا مسلح افواج قومی طاقت کا بنیادی ستون ہیں۔ قوم کو یقین دلاتا ہوں مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں ہونے دیں گے، وطن کے دفاع میں شہید ہونےوالوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے، دشمن پاکستانی افواج اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرنا چاہتا ہے، شہداکی قربانیوں کی بدولت آزادی کی زندگی گزار رہے ہیں، دشمن مذموم مقاصد کےلئے عوام، مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے پر تلے ہیں، پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس، دائمی تیاری پر مبنی ہے، تمام صلاحیتوں کا احاطہ کیا گیا، پیشہ ور فوج روایتی میدان میں بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دیکر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوا چکی، دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دیگا۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ جنگ میں پاکستان کے ہتھیار زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتے ہوئے بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کردیں گے، دشمن کو پہنچائے جانے والے فوجی و اقتصادی نقصانات بھارت کی توقعات سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہوں گے، بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتا ہوں جنگی ماحول میںدونوں ممالک میں جنگ کےلئے گنجائش نہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کےساتھ بنیادی مسائل بین الاقوامی اصولوں کے مطابق برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کریں، آپکی بیان بازی سے کبھی خوفزدہ نہیں ہوں گے، کسی بھی قسم کی چھوٹی سی اشتعال انگیزی کا بھی فیصلہ کن جواب دیں گے، آنےوالی کشیدگی پورے خطے اور باہر کےلئے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتی ہے، دنیا سیاسی مقاصد کے حصول کےلئے تشدد کے استعمال جیسے محرکات کی واضح تبدیلی دیکھ رہی ہے، پاکستان خطے میں کامیابی سے نیٹ ریجنل سٹیبلائزر کے طور پر ابھرا۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ عالمی طاقتوں بالخصوص مسلم ممالک کےساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوئے، پاکستان نے مستقل طور پر خطے، باہر امن کےلئے کلیدی کردار ادا کرنے کا ثبوت دیا، مسلح افواج دنیا بھر میں اقوام متحدہ امن مشن میں بڑی تعداد میں شامل ہوتی ہیں۔ سعودی عرب کےساتھ حالیہ دفاعی معاہدہ بھائی چارے کو تقویت دیتا ہے، معاہدہ مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی جانب قدم ہے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ عوام، مسلح افواج کےلئے منفرد اعزاز ہے وہ حرمین الشریفین کے دفاع کےلئے اپنی خدمات پیش کرسکیں، پاکستان نے ایران کےساتھ مذاکرات کے پرامن عمل میں بھی کردار ادا کیا، دیگر تمام مسلم ممالک کےساتھ تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔ چین کےساتھ تاریخی و سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری ،دوستی پر فخر ہے، امریکہ کےساتھ مضبوط و بڑھتے تعلقات کو دوبارہ متحرک کرنا حوصلہ افزا ،خوش آئند پیشرفت ہے، تنازعات کے شکار علاقوں میں قیام امن کےلئے صدر ٹرمپ کی کوششیں، سٹریٹجک لیڈرشپ قابل تعریف ہے۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ امن، سلامتی و ترقی کے مفاد کےلئے اہم عالمی و علاقائی رہنماوں کےساتھ تعلقات کو مزید پروان چڑھائیں گے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مو¿قف غیر متزلزل ہے، کشمیری عوام کب تک ظلم و جبر کا شکار اور حق خود ارادیت سے محروم رہیں گے۔ پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر ثابت قدم ہے، کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی ،اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،غزہ میں امن کے قیام کےلئے پاکستان نے بے پناہ کوششیں کیں، پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کر رہا ہے، وطن کے دفاع کےلئے پاک افواج ہمہ وقت تیار ہیں، پاکستان کےخلاف جارحیت میں ناکامی کے بعد بھارت ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کو ترجیحی پالیسی کے طور پر جاری رکھے ہوئے ہے،فیلڈ مارشل نے کہادشمن کا فتنہ الہند، فتنہ الخوارج کوہائرڈ گنز کے طور پر استعمال کرنا بزدلانہ چہرے کوبے نقاب کرتا ہے، افغانستان کے لوگ دائمی تشدد کی بجائے باہمی سلامتی کا انتخاب کریں، طالبان رجیم افغانستان سے پاکستان پر حملے کرنےوالی پراکسیز کو لگام ڈالے،دشمن کسی بھول میں نہ رہے، پاک فوج ہر محاذ پر چوکس ہے، پاکستان کا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا، قانون نافذ کرنے والے ادارے، مسلح افواج، عوام کے تعاون سے یقینا لعنت کو شکست دیں گے، اسلام کی غلط تشریح کرنے والے مٹھی بھر گمراہ دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ سفارتی، اقتصادی و عسکری کامیابیاں اور صلاحیتیں پاکستان کو ترقی کی بلند منزلوں تک لے جائیں گی۔ یاد رکھیں سفر ابھی مکمل نہیں ہوا، دشمن بے چین ہے ہماری عزم و ہمت بھی ویسے ہی مضبوط و پختہ ہے، فتح بیان بازی نہیں بلکہ تربیت، کردار، مشکلات و چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کےلئے ثابت قدم رہنے سے حاصل ہوتی ہے، پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور اخلاقی قیادت کو اپنی شخصیت کی پہچان بنانے پر توجہ مرکوز رکھیں، جعلی خبروں ،غلط معلومات پر مشتمل انفارمیشن ڈس آرڈر کے ذرائع کا شکار نہ بنیں۔ قبل ازیں پی ایم اے کاکول میں 152 ویں لانگ کورس، 37 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71 ویں اینٹی گریٹٹ کورس اور 26 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاس آوٹ والوں میں 40 دوست ممالک کے فوجی بھی شامل ہیں جن کا تعلق عراق، مالدیپ، مالی، نیپال، فلسطین، سری لنکا، یمن، نائیجیریا، قطر اور بنگلہ دیش سے ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر شاندار استقبال کیا۔ بعدازاں مہمان خصوصی سید عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر اور شیلڈز سے نوازا۔
جوہری ماحول میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بھارت کو انتباہ

















