احتجاج کیس میں علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

راولپنڈی ،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)احتجاج کیس میں عدم حاضری پر راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی،پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے پہلے 5 گواہ شہادت کیلئے پیش کئے ، مقدمے کا مال مقدمہ بھی عدالت میں پیش کیا گیا،علیمہ خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ درخواست نہیں دی گئی،پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا علیمہ جان بوجھ کر ٹرائل میں رخنہ ڈال رہی ہیں، مقدمے کو ایک سال ہونے کو ہے، ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں،عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیاگیا۔

دوسری جانب اے ٹی سی لاہور کے ڈیوٹی جج نے5 اکتوبر احتجاج کیس میں عمران خان کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی،علیمہ،عظمیٰ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔