چھبیسویں آئینی ترمیم نہ ہوتی تو یحییٰ آفریدی چیف جسٹس نہ بنتے: جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق کیس کی سماعت میں جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اگر 26 ویں آئینی ترمیم نہ ہوتی تو یحییٰ آفریدی چیف جسٹس نہ بن پاتے،سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 8 رکنی آئینی بنچ نے 26 ویں آئینی ترمیم کےخلاف درخواستوں پر سماعت کی،دوران سماعت جسٹس عائشہ ملک نے کہا آپ چاہتے ہیں چونکہ معاملہ آئینی ترمیم سے متعلق ہے اسلئے فل کورٹ بنایاجائے، وکیل عابد زبیری نے کہا فل کورٹ کے ذریعے معاملے پر تمام ججز کا اجتماعی وزڈم آجائے گا، جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا آپ بتائیں 17 ججز کا ہی فل کورٹ کیوں؟ 24 ججز کا کیوں نہیں؟ آپ کیوں چاہتے ہیں 26 ویں آئینی ترمیم سے قبل ججز پر مبنی فل کورٹ بنے؟کیا کسی فریق کو خاص بنچ کی ڈیمانڈ کا حق حاصل ہے؟ اگر ہم استدعا مان لیں تو کیا ججز بھی مرضی کے ہوں گے؟، جسٹس عائشہ ملک نے سوال کیا آپ کی درخواست کیا ہے؟ وکیل عابد زبیری نے کہا 26 ویں آئینی ترمیم سے قبل موجود ججز کو کیس سننا چاہیے، جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کہ جس ترمیم کے تحت آئینی بنچ قائم ہے، اگر اسی پر اعتراض ہے تو پھر فیصلہ کون کرے گا؟، آرٹیکل 191 اے کے تحت آئینی معاملات آئینی بینچ ہی سن سکتا ہے، اس لیے فل کورٹ کی تشکیل کا اختیار آئین میں واضح طور پر درج نہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہم اگر بینیفیشری ہیں (26 ویں ترمیم کے) تو کیا ہم بنچ میں بیٹھ سکتے ہیں؟ 26ویں آئینی ترمیم نہ ہوتی تو یحییٰ آفریدی چیف جسٹس نہ بنتے کیونکہ وقت مقررتھا، چیف جسٹس کو اللہ زندگی دے، سینئر پیونی کوچیف جسٹس ہوناتھا لیکن نہیں بن سکے،جسٹس مندوخیل نے کہا 26ویں آئینی ترمیم سے قبل والے ججزکی فل کورٹ کےلئے کچھ ججزکو نکالنا ہوگا، جوڈیشل کمیشن کہہ دےکہ سپریم کورٹ کے تمام ججزآئینی بنچ کے ججز ہیں توقبول ہوگا؟ وکیل عابد زبیری نے کہا جی ہمیں قبول ہوگا،بعد ازاں عدالت نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت آج تک ملتوی کردی۔