وزیر اعلیٰ نے سعودی وفد کو اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش کردی ، عظمیٰ بخاری
لاہور:( سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کو مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش کردی، وفد نے لائیوسٹاک، مائنز، انفراسٹرکچر،میٹ،آئی ٹی ودیگر شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ،سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کی جانب سے آئندہ 10روز میں پیشرفت کاباضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت کے آفیشل یوٹیوب چینل پر وی لاگ کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاپی ٹی آئی والوں کی جانب کہا جارہا ہے ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری پریس کانفرنس عمران خان کے خلاف تھی ، آپ کو تو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے دہشتگردوں کی بات میںعمران خان کا نام آرہا ہے،آپ بیانات سے خود عمران خان اوردہشتگردوں کاگٹھ جوڑ بنا رہے ہیں،ملک سے بھاگنے والے یو ٹیوبربتائیں گے ملک کیسے چلانا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے تلخ حقائق قوم کے سامنے رکھے ،بہت سے لوگوں کی دُم پر پاﺅں آ گیااور ہر طرف بھاگے پھر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا امن و امان بر قرار رکھنے میں صوبائی حکومت کا بڑا کردار ہوتاہے ،جہاں حالات خراب ہوں وہاں فوج وفاق کی طرف سے صوبائی حکومت کی مدد کرنے کیلئے آتی ہے،کوئی فرد واحد پاکستان سے اوپر نہیں ہو سکتا کیونکہ پاکستان ہے تو سب ہیں، ہر فوجی پاکستان کو بچانے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا رہا ہے ،سب کو لگانی چاہیے،آپ نے پاکستان دشمنی میں اور کتنا گرنا ہے۔


















