نئے وزیراعلیٰ کے پی کاانتخاب،4امیدوار میدان میں،کاغذات نامزدگی منظور


پشاور:(بیورورپورٹ)نئے وزیراعلیٰ کے پی کاانتخاب،4امیدوار میدان میں آگئے،اپوزیشن نے گنڈا پور کااستعفیٰ منظور ہوئے بغیر انتخاب کو متنازع قراردےدیا۔

وزارت اعلیٰ کےلئے پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی ، جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان ،پیپلزپارٹی کے ارباب زرک، ن لیگ کے سردار شاہ جہاں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

اے این پی نے انتخابی عمل میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا، پارٹی ترجمان انجینئر احسان نے واضح کیا کسی ہارس ٹریڈنگ کا حصہ بنےں گے نہ ہی پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی کی حمایت کی جائےگی۔

دریں اثنا گورنر کی جانب سے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کیے بغیر نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر اپوزیشن جماعتوں نے سوالات اٹھا دئیے ،مولانا لطف الرحمان نے کہا گورنر نے استعفیٰ منظور نہیں کیا ،وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل غیرآئینی ہے ،اپوزیشن متفقہ امیدوار لائے گی،وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا معلوم نہیں پی ٹی آئی کو کس بات کا خوف ہے،وزیراعلیٰ کے استعفے کا عمل مکمل نہیں ہوا تو دوسرے کا انتخاب کیسے ہو سکتا ہے؟۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے کہا موجودہ وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے نیا وزیراعلیٰ منتخب کرنا غیر آئینی و جمہوری اقدار کے منافی ہے،کابینہ تحلیل ہوئی نہ ہی گورنر کی جانب سے استعفیٰ منظور کیا گیا،نیا انتخاب کسی بھی صورت آئینی حیثیت نہیں رکھتا۔

ادھر سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور استعفیٰ دے چکے ،آئین کے مطابق جب کوئی وزیراعلیٰ استعفیٰ دے تومنظور تصور کیا جاتاہے،ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نے کہاوزیراعلیٰ کا انتخاب آئینی ،آرٹیکل 130 کے تحت وزیراعلیٰ کا استعفیٰ ذاتی اقدام ہے ،کسی باضابطہ منظوری کی شرط نہیں رکھی گئی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے اے این پی،ن لیگ سے حمایت مانگ لی،وفد نے وفاقی وزیر امیر مقام کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

جنید اکبر نے کہا ماضی کی طرح ملکر فیصلے کرنے کی امید پر آئے ،مسائل کاملکر مقابلہ کرنا ہے، اسمبلی میں تحریک انصاف کوواضح اکثریت حاصل ہے،موجودہ حالات میں خیبرپختونخوا مزید مشکلات ،سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، سہیل آفریدی کو بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب کرنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا صوبے کی روایات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں سے بات کریں گے، مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد آگاہ کیاجائےگا۔

قبل ازیں پی ٹی آئی وفد اے این پی رہنماﺅں سے ملا،نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کیلئے حمایت کی درخواست کردی۔