جموں و کشمیر پر کوئی بھی متنازع یا گمراہ کن موقف تسلیم نہیں ،صدر زرداری


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) صدر آصف زرداری نے کہاہے پاکستان جموں و کشمیر پر کسی بھی متنازع یا گمراہ کن موقف کو کبھی تسلیم نہیں کرےگا، بھارت کی جانب سے ہر غیر قانونی دعویٰ عالمی قوانین ،اقوامِ متحدہ قراردادوں کے منافی ہے،افغان قیادت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد آزادی سے منہ موڑنا تاریخ ،امت دونوں کےساتھ ناانصافی ہے۔

آصف زرداری نے کہاافغان سرزمین سے فتنہ الخوارج کے حملے اقوامِ متحدہ رپورٹوں سے بھی ثابت شدہ حقیقت ہیں، پاکستان بارہا واضح کر چکا فتنہ الخوارج ،فتنہ الہندوستان کی گٹھ جوڑ سے پاکستان کے شہری و سکیورٹی اہلکار نشانہ بن رہے ہیں،افغان قیادت پاکستان مخالف دہشتگرد عناصر کے خاتمے کےلئے عملی اقدامات کرے۔

صدر مملکت نے کہا فتنہ الخوارج ،فتنہ الہندوستان خطے کے امن و استحکام کےلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ مشترکہ ذمہ داری ہے، کسی ایک ملک پر بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا،4دہائیوں تک افغان عوام کی میزبانی کر کے اسلامی اخوت ،اچھے ہمسائیگی کی مثال قائم کی گئی، امن کی بحالی کےساتھ افغان شہریوں کی باعزت واپسی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

آصف زرداری نے کہاافغان عوام کی تعلیمی و انسانی ضروریات کےلئے تعاون جاری رکھےں گے مگر پاکستان اپنی قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،تجارت، معیشت ،روابط کے فروغ کےلئے افغانستان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی،باہمی تعاون و معاشی شراکت ہی خطے کے پائیدار امن،ترقی کی بنیاد ہے۔