افغان جارحیت کامنہ توڑ جواب، 200 سے زائد طالبان و خوارج ہلاک، 23 جوان شہید

راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) سبز ہلالی پرچم سربلند،افغانستان کو جارحیت کامنہ توڑ جواب، 200 سے زائد طالبان و خوارج ہلاک، 23 جوان شہید،پاکستان کیخلاف استعمال ہونیوالا سب سے بڑا کیمپ بھی تباہ،پاک فوج نے 21 افغان پوسٹوں پر قبضہ کرکے قومی پرچم لہرادئیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان ،بھارت کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج نے 11 ،12 اکتوبر کی درمیانی شب حملہ کیا، بزدلانہ اقدام میں فائرنگ و چند مقامات پر دراندازی کی گئی، حملے کامقصد سرحدی علاقوں میں عدم استحکام پیدا کر کے دہشت گردی کے اہداف کی تکمیل تھا،مسلح افواج نے نہ صرف حملے کو پسپا کیا بلکہ طالبان فورسز ،وابستہ خوارج کو سنگین جانی نقصان پہنچایا، حق دفاع کے تحت پاک فوج نے سرحدی پٹی پر موثر و فیصلہ کن ردعمل دیا،افغان علاقے میں موجود طالبان کیمپس ،پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی۔

ترجمان پاک فوج نے کہاکارروائیاں دہشت گردی کی تربیتی آماجگاہوں ،حمایتی نیٹ ورکس کےخلاف کی گئیں، فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور داعش سے وابستہ عناصر شامل ہیں،پاک فوج کی کارروائیوں کے دوران شہری جان و مال کے تحفظ و غیر ضروری جانی نقصان سے بچنے کی تمام احتیاطی تدابیر کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلا اشتعال و مستقل کارروائیوں میں سرحدی پٹی پر متعدد طالبان مقامات تباہ ، افغان طالبان کی 21 پوزیشنز پر قبضہ کرلیا، انٹیلی جنس معلومات و نقصان کے تخمینے کے مطابق کارروائیوں میں 200 سے زائد طالبان ،خوارج مارے گئے،23 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، افواج اپنے عوام کی جان و مال ، ملکی سالمیت کے تحفظ کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا پاکستانی سرزمین کے دفاع اور اپنی سلامتی کو خطرہ پہنچانے والوں کے خاتمے کےلئے عزم غیر متزلزل ہے،پاکستانی عوام، تعمیری سفارتکاری ، مکالمہ کو ترجیح دیتے ہیں، افغان سرزمین کا دہشت گردی کےلئے استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا، سنگین اشتعال انگیزی طالبان وزیر خارجہ کے دورہ بھارت کے دوران کی گئی جو خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سپانسر ہے، طالبان کی پوسٹوں، کیمپوں، ہیڈکوارٹرز،دہشت گرد ی کابنیادی ڈھانچہ بھی تباہ کردیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا طالبان حکومت فتنہ الہندوستان، فتنہ الخوارج اور داعش کے خاتمے کےلئے فوری و قابل تصدیق اقدامات کرے، پاکستان دہشت گردی کے اہداف کو مسلسل بے اثر کرکے عوام کے دفاع کے حق کا استعمال جاری رکھے گا،طالبان حکومت ناجائز تصورات سے پرہیز کرے اورہنگامہ آرائی پر افغان عوام کی بھلائی، امن، خوشحالی ،ترقی کو ترجیح دے، واقعہ تصدیق کرتا ہے طالبان حکومت دہشت گردوں کو فعال طور پر سہولت فراہم کر رہی ہے، طالبان حکومت بھارت کےساتھ ملکر دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کرتی رہی تو پاکستان لعنت کے مکمل خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھے گا۔

دریں اثنا سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے منوجیا بٹالین ، غرنالی ہیڈکوارٹر، درانی کیمپ سمیت متعدد مورچے ملیامیٹ ،ٹینک ،بکتر بند گاڑیاں تباہ کردیں، کئی افغان اہلکاروں کو جان بچانے کیلئے سرنڈر کرنا پڑا،سپن بولدک سیکٹر میں افغان طالبان کا عصمت کرار کیمپ بھی تباہ کیے جانے والوں میں شامل ہے،عصمت کرار کیمپ سے پاکستان مخالف دہشت گرد کارروائیاں کی جاتی تھیں۔

قبضہ کی گئی پوسٹوں سے پاکستان پر حملے کیے جا رہے تھے،مجموعی طور پر 27 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ،پاکستان نے داعش ،خارجیوں کو نشانہ بنانے کےلئے فضائی وسائل ،ڈرون کا بھی استعمال کیا، افغان پوسٹیں کور فائر دینے میں مکمل ناکام رہیں، خارجی تشکیلیں منتشر ہوگئیں۔

سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ردعمل کو پاکستان ،افغانستان کے عوام میں جنگ تصور نہ کیا جائے،جنگ افغانستان میں موجود بھارتی سرپرست شرپسند عناصر کےخلاف ہے، افغان جارحیت مبینہ طور پر بھارتی مالی معاونت سے کی جارہی ہے،پاکستان کا جوابی حملہ صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں، تربیتی مراکز اور جنگ کو ہوا د ینے والوں کیخلاف ہوگا۔