اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کو ہٹانے کا فیصلہ ،تبدیلی کیلئے متعدد آپشنز پر غورشروع کردیا گیا۔
شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی جماعتوں نے چودھری انوار الحق کے طرز حکمرانی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ بحران میں کردار کو غیر تسلی بخش قرار دیااور وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہٹانے کافیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ،پیپلز پارٹی ملکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گی، چودھری انوار الحق نے حالیہ بحران میں سست روی کا مظاہرہ کیا، حالات معمول پر لانے میں ناکام رہے،وزیراعظم آزاد کشمیر کوباعزت استعفیٰ دینے کا آپشن بھی دیا جائے گا، انکار کی صورت میں تحریک عدم اعتماد یا آئینی اقدام کا امکان ہے،حتمی فیصلہ ہونے پر نئے قائد ایوان کیلئے متبادل ناموں پر مشاورت ہوگی،وفاقی قیادت نے کہاعوامی اعتماد و انتظامی ناکامی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، آزاد کشمیر میں حالیہ بحرن کے بعد وفاقی جماعتیں ری سیٹ کی حامی ہیں۔
دریں اثناحکومتی مذاکراتی کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کشمیر میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، کشمیری عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا، حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کےلئے اقدامات جاری رکھے گی،مذاکراتی کمیٹی اراکین کی معاملات احسن طریقے سے حل کرنے کی کوششیں قابل تعریف ہیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی کشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے معاملہ فہمی کا مظاہرہ کیا۔
شہبازشریف نے کہاعوامی مفاد،امن ترجیح ہے ،آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی تحفظ کرتے رہیں گے،میری حکومت نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر مسائل کو حل کیا ،ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہٹانے کا فیصلہ ،تبدیلی کیلئے متعدد آپشنز پر غورشروع
















