وزیراعظم ، فیلڈ مارشل کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات، تجارت بڑھانے پر زور

واشنگٹن: ( ) وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات ، تجارت بڑھانے پر زور دیا گیا۔

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شامل تھے۔

پاک امریکہ تجارتی تعلقات، توانائی کے منصوبے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور خطے کی اقتصادی ترقی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

شہبازشریف نے تجارت بڑھانے پر زور دیا، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے کہا امریکی صدر سے ملاقات بہت اچھی رہی، پاکستان کی نوجوان آبادی اور ابھرتی معیشت امریکہ کیلئے بڑی تجارتی مارکیٹ ہے۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان کے معاشی امکانات کی تعریف کی اور کہا امریکہ پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کوتیار ہے، دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتی ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔