ریکوری ہو جاتی تو اضافی ٹیکس لگانے کی ضرورت نہ پڑتی،آئینی بنچ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس جمال مندوخیل نے سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ریکوری ہو جاتی تو اضافی ٹیکس لگانے کی ضرورت نہ پڑتی۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں5 رکنی آئینی بنچ نے سپر ٹیکس درخواستوں پر سماعت کی،جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا پارلیمنٹ کے تمام اراکین کو شعبے کی باریکیوں کا اندازہ نہیں ہوتا ،ماہرین کی رائے لینا ضروری ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے ادارے مزید خسارے میں گئے تو صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔

وکیل احمد جمال سکھیرا نے موقف اختیار کیا ٹیکس لگانا کوئی اعتراض کی بات نہیں مگر عوام پر مزید بوجھ ڈالنا غیرمنصفانہ ہے، ماچس کی تیلی پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا، اصل توجہ ٹیکس چوروں پر ہونی چاہیے، 215 ارب کا اضافی بوجھ ڈالنا درست نہیں ،سپر ٹیکس صرف 15 کروڑ سے زائد آمدن پر لگنا چاہیے۔

جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے سکھیرا صاحب تو سپر ٹیکس ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا اگر موقف مان لیا جائے تو تنخواہ دار طبقے کو بھی وہی ٹیکس دینا پڑے گا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ٹیکس ریکوری موثر ہو جاتی تو حکومت کو اضافی ٹیکس لگانے کی ضرورت پیش نہ آتی، بعد ازاں بنچ نے سماعت ملتوی کر دی۔