ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ مجرموں کو اپیل کا حق دینے کاحکم،حکومت قانون سازی کرے،سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ مجرموں کو اپیل کا حق دینے اور 45 دن میں قانون سازی کا حکم دےدیا۔

انٹراکورٹ اپیلوں پر 68صفحات پر مشتمل تفصیلی اکثریتی فیصلہ جسٹس امین الدین خان نے تحریر کیا،جسٹس علی مظہر نے 47 صفحات کا اضافی نوٹ لکھا،جسٹس امین ، حسن رضوی ، مسرت ہلالی اور شاہد بلال نے اضافی نوٹ سے اتفاق کیا،جسٹس جمال مندوخیل ،نعیم افغان نے بھی فیصلے میں اختلافی نوٹ تحریر کیا۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیامناسب آئینی ردعمل آرمی ایکٹ کی دفعات کو یکسر کالعدم کرنا نہیں،ایکٹ میں بنیادی ضابطہ موجود مگر عام شہریوں کیلئے اپیل کے مناسب فورم کا فقدان ہے، سزایافتہ شہریوں کیلئے ہائیکورٹس میں آزادانہ اپیل کیلئے قانون سازی پوری کی جانی چاہیے،کیس کے دوران اٹارنی جنرل نے کئی بار حق اپیل پر حکومتی ہدایات کیلئے وقت لیا، 5مئی کو آخری سماعت پر بھی اٹارنی جنرل نے ایسا ہی کہا، اٹارنی جنرل نے کہا عدالت ہدایت دے تو پارلیمنٹ میں قانون سازی ہو سکتی ہے، منصور عثمان اعوان نے کہا عدالتی حکم کو سنجیدگی سے لیا جائےگا۔

سپریم کورٹ نے کہا آزاد حق اپیل کی عدم موجودگی میں آرمی ایکٹ میں موجود ضابطہ کار عام شہریوں کیلئے آئینی طور پر مکمل نہیں، حق اپیل کی کمی کو پورا کرنے کیلئے قانون سازی سے مداخلت کی ضرورت ہے، حکومت ،پارلیمان حق اپیل کیلئے 45 دن میں قانون سازی کریں۔