اسلام آباد (مشرق نیوز) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ نظام انصاف میں مصنوعی ذہانت کا استعمال ہونا چاہئے، مگر ہم ابھی تیار نہیں، مقدمات کو جلد نمٹانا ترجیح ہونی چاہئے، کارکردگی میں بہتری کیلئے اندرونی آڈٹ کرایا ہے، ججوں کیخلاف 64 شکایات کا فیصلہ ہو چکا ہے، 72 شکایات پر رائے طلب کی ہے۔
نئے عدالتی سال کے آغاز پر اسلام آباد میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ملک بھر سے جج صاحبان، اٹارنی جنرل، وکلا نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کہا کہ تقریب میں موجود تمام معزز مہمانوں کوخوش آمدید کہتا ہوں، نئے عدالتی سال کی اس تقریب کا آغاز 1970 کی دہائی میں ہوا، 2004 سے اس تقریب کو باقاعدگی سے منانا شروع کیا، یہ موقع ہوتا ہے کہ ہم سب اپنی کاکردگی پر نگاہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کام کیا، عہدہ سنبھالنے کے بعد اصلاحات کی ضرورت محسوس کی، پانچ بنیادوں پر اصلاحات کا آغاز کیا ہے، عدالتی نظام میں شفافیت اور آسانیوں سے سائلین کو فوری انصاف ملے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نظام انصاف میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال ہونا چاہئے، ہم مگر اس کیلئے ابھی فوری طور پر تیار نہیں ہیں،عدالتوں میں ای سروسز کا آغاز کیا جا چکا ہے، ڈیجیٹل کیس فائلنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے قانون کو موثر بنایا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس نے بتایا کہ ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی ہر کوئی بات کرتا ہے، 61ہزار فائلیں ڈیجیٹلی سکین ہوں گی اور پراجیکٹ چھ ماہ میں مکمل ہوجائےگا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کیسوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے مقرر کیا جائیگا، ڈیجیٹل سکین پراجیکٹ کامیاب ہونے پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے آخر تک سپریم جوڈیشل کونسل کی میٹنگ ہو گی اور باقی 65 کیس بھی ججوں کو دیدئیے جائیں گے۔
ججوں کیخلاف 64 شکایات کا فیصلہ ہو چکا، 72 درخواستوں پر رائے طلب کر لی: چیف جسٹس

















