کالا باغ ڈیم بننا چاہیے،گنڈا پور،پی پی،جے یوآئی،اے این پی مخالف
اسلام آباد،پشاور،کراچی:(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کالا باغ جیسا ڈیم نہ بنانا ملک ،نسلوں کےساتھ زیادتی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہاسیلاب کے دوران کال پر مریم نوازکا شکریہ ادا کیا ، پنجاب کو امدادی سرگرمیوں کےلئے مدد کی پیشکش کی گئی، سیلاب کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے،کالا باغ ڈیم سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کو پانی ملے گا، سندھ کو کالا باغ ڈیم پر ایشوز ہیں، میز پر بیٹھیں بات کریں، کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت ہے سیاست کی وجہ سے منصوبہ رکا ہواہے ایسا ڈیم نہ بنانا ملک اور نسلوں کےساتھ زیادتی ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہاڈیم مکمل کرنے کےلئے کوئی صوبہ پیسے دینے کو تیار نہیں میں اب بھی پیسے دینے کو تیار ہوں، بیشک جہاں سے بھی پورے کروں مگر ملک کےلئے پنجاب نے پیسے نہیں دئیے۔
ادھر اسد قیصر نے کالا باغ ڈیم پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان ذاتی قرار دیتے ہوئے کہا بیان پارٹی پالیسی نہیں، نہیں سمجھتے کالا باغ ڈیم کی کوئی ضرورت ہے اور بھی چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جاسکتے ہیں، علی امین گنڈا پور کے اپنے علاقے میں چشمہ رائٹ بینک کینال کا پراجیکٹ ہے،منصوبے سے علاقے کی پانی ضرورت پوری ہو جائےگی،متنازع چیزوں کو غیر ضروری طور پر چھیڑنا اچھا نہیں ۔
دریں اثنا بیرسٹر گوہر نے کالا باغ ڈیم پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے موقف کی حمایت کردی،بیرسٹر گوہر نے کہاڈیمز بننا ضروری ہیں لیکن اتفاق رائے سے بننے چاہئیں،سیلاب پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، عوام کو ریلیف دیں ،مریم نواز کو پبلسٹی کی پڑی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی کالاباغ ڈیم کی تجویز مسترد کردی۔
اے این پی کے سربراہ ایمل ولی نے کہا کالا باغ ڈیم سیلابوں کا کوئی حل نہیں،علی امین گنڈاپور کی 7 پشتیں بھی کالاباغ ڈیم کو زندہ نہیں کرسکتیں،عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے جھوٹا شوشہ چھوڑا گیا، کالاباغ کو قوم دفن کرچکی، کسی کے باپ کی مجال نہیں مردے کو زندہ کرے،قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کی بجائے پانی کے مستقل حل کی طرف بڑھنا ہوگا۔
جے یو آئی ترجمان خیبرپختونخوا عبد الجلیل جان نے منصوبے کو مردہ گھوڑا قرار دیتے ہوئے کہاوزیراعلیٰ بتائیں 350 ڈیم کہاں بنائے؟۔
پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری ہمایوں خان نے کہا کالا باغ ڈیم مردہ گھوڑا ہے ، کبھی زندہ نہیں ہو سکتا، علی امین گنڈاپور عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگارہے ہیں۔
پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہاسندھ، بلوچستان ،خیبرپختونخواکالا باغ ڈیم کی مخالفت کرچکے ،صوبے کی اسمبلی کالاباغ ڈیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ،وزیراعلیٰ کالاباغ ڈیم کی حمایت میں بات کرکے ایوان کی توہین کر رہے ہیں،علی امین گنڈا پور کو سیاست سیکھنے کی ضرورت ہے ، سندھ کو کسی صورت کالاباغ ڈیم قبول نہیں، ڈیم کی حمایت کرنے سے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سامنے آگیا ۔


















