کالا باغ ڈیم پر گنڈا پور کابیان خوش آئند،تمام صوبوں کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا، عظمیٰ بخاری


لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کالا باغ ڈیم پر علی امین گنڈا پور کابیان خوش آئند،تمام صوبوں کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا،موجودہ حالات میں سیاست سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کےساتھ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے،پنجاب میں سیلاب کی صورتحال قدرے بہتر ، ایک مخلوق میں خوف خدا ہے نہ کوئی پاکستانیت ،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا انتظامیہ کی کارروائیوں سے حالات کنٹرول میں ہیں،فی الحال پنجاب میں ریلیف آپریشن کے سوا کوئی اور کام نہیں ہو رہا، حکومتی ترجیح متاثرین کو دوبارہ گھروں میں بسانا ہے، ایک پارٹی کو پروا نہیں پنجاب میں لوگ ڈوب گئے،لوگ دیکھ رہے ہیں کون کام ،کون فساد پھیلا رہا ہے،ایک ایک شخص کو گھر میں بسانے تک ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب جگہ جگہ جا کر سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپ کا جائزہ لے رہی ہیں،لاہور میں حکومت کی طرف سے کوئی خیمہ بستی نہیں ، 20سکولوں میں سرکاری ریلیف کیمپ لگائے گئے ،کسی کو اکیلا نہیں چھوڑا گیا ،سب سے زیادہ دباﺅ تریموں ہیڈ ورکس پر ہے جہاں پانی کی سطح بلند ہے تاہم دیگر تمام مقامات پر پانی نیچے کی جانب جا رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہو چکا جو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی جاری ہے ،صورتحال دونوں جانب ڈبل چیلنج کی شکل اختیار کر چکی ،بھارت کا باکڑہ ڈیم 95فیصد بھر چکا ،پانی چھوڑا گیا تو پنجاب آئے گا،پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کیلئے ڈیمز کی تعمیر پر سنجیدگی سے فیصلے کرنا ہوں گے۔