بھارت کا بیانیہ دفن، مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہوں گے: اسحاق ڈار

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے بھارت کا نیو نارمل کا بیانیہ دفن ہو چکا ، بھارت سے مذاکرات ہوں گے تو برابری کی بنیاد پر ہوں گے،چین روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا افغانستان سے ہمارا ایک ہی مطالبہ تھا وہ کالعدم تحریک طالبان کے خلاف کارروائی کرے، ٹی ٹی پی کو ہمارے حوالے کرے یا ہماری سرحدوں سے دور لے جائے، افغانستان نے جو احتجاجی مراسلہ دیا ہے، اس کی وجوہات دیکھیں گے،وزیر خارجہ نے بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا اگر بھارت مذاکرات چاہتا ہے تو ٹھیک ہے ورنہ کوئی مسئلہ نہیں، ہم کسی کو نہیں کہہ رہے کہ ہر صورت مذاکرات کرائے جائیں،اسحاق ڈار نے پاکستان اور آرمینیا کے درمیان تعلقات کا اشارہ دیتے ہوئے کہا جب آذر بائیجان اور آرمینیا کے معاملات درست ہو چکے تو ہمیں کیا مسئلہ ہے۔