اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر موسمیاتی تبدیلی اور مون سون سے پیدا ہونے والے اثرات سے بروقت نمٹنے کےلئے جامع اور موثر پالیسی پر کام جاری ہے،وزیراعظم آفس کے مطابق پالیسی کا ورکنگ پیپر تمام صوبائی حکومتوں کےساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے،اعلامیہ میں بتایا گیا ہنگامی صورتحال کے بعد وزیراعظم اعلیٰ سطح اجلاس طلب کریں گے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور متعلقہ اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے،شہباز شریف نے کہا آبی ذخائر کی تعمیر اور پانی کے بہتر انتظام کےلئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جو صوبوں کی مشاورت اور ہم آہنگی سے بنائی جائے گی، موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور اس کی موثر تیاری سے ہی قدرتی آفات کے نقصانات کم کیے جا سکتے ہیں، یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس پر چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاق کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ عوام کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
آبی ذخائر کی تعمیر کی حکمت عملی پر کام شروع ، جلد اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ

















