ساہیوال (بےورورپورٹ) ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کی جس میں سی ای او افتخار علی، سی ایف او جاوید اقبال، جنرل منیجر مانیٹرنگ آفتاب، سینئر منیجر مانیٹرنگ رضوان احمد مارتھ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، ایس ای پبلک ہیلتھ عاشق علی جاوید اور آزاد ممبران پیر احسان الحق ادریس، مسز شاد مسعود اور اسد خالد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او افتخار علی نے بتایا کہ یونین کونسل کی سطح پر صفائی کے کام کی مانیٹرنگ کیلئے 140 فیلڈ مانیٹرز کی بھرتی کا عمل جاری ہے جو دو ہفتوں میں مکمل کر کے انہیں ذمہ داریاں تفویض کر دی جائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیلڈ مانیٹرز کی تقرری سے صفائی کی عمومی صورتحال مزید بہتر ہوگی اور عوامی شکایات میں کمی آئیگی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ فیلڈ میں درپیش مشکلات کو فوری حل کیا جا سکے۔ اجلاس میں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بہتر سروس ڈلیوری کیلئے نجی کنٹریکٹرز کے ساتھ ہوئے معاہدوں پر نظر ثانی کی منظوری ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کا ان پٹ بھی حاصل کیا جائے تاکہ بہتر معاہدے ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ساہیوال ڈویژن میں صفائی پر سالانہ 10 ارب روپے خرچ کر رہی ہے اسلئے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ اجلاس میں بورڈ ممبران نے چیف فنانشل آفیسر کی تقرری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عارضی طور پر یہ چارج کمپنی سیکرٹری جاوید اقبال کو دیے جانے میں دو ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کے ہمراہ داد بلوچ کے مقام پر دریائے راوی میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر جاری کٹا¶ کے خطرات اور بچا¶ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن(ر) اسامہ مجید چیمہ، ایکسین محکمہ انہار حافظ محمد طلحہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کٹا¶ روکنے کیلئے مشینری اور افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور ممکنہ خطرات پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے قبل از وقت حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دے دی ہے اور متاثرہ علاقوں کے قریب ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔بعد ازاں کمشنر نے گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول نورشاہ میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو رہائش، خوراک اور طبی سہولیات بلا تعطل فراہم کی جائیں اور صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے تاکہ صحت عامہ کے مسائل پیدا نہ ہوں۔کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا خطرے کی اطلاع فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم یا متعلقہ محکموں کو دیں تاکہ بروقت اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف آپریشن کا سلسلہ موسم کی بہتری تک جاری رہے گا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے: کمشنر ساہیوال

















